سرسبز حیدرآباد ،مختلف مقامات پر 35200 پودے لگانے کا پروگرام

269

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) شہباز بلڈنگ کی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کی ذمے داری قاسم آباد میونسپل کمیٹی جبکہ جی او آر کالونی کی صفائی ستھرائی اور دیکھ بھال کی ذمے داری بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد کے حوالے کی گئی ہے۔ اس ضمن میں ڈویژنل کمشنر حیدر آباد کی جانب سے یہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جارہا ہے۔ یہ فیصلہ ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں چیف کنزرویٹر آف فاریسٹ سندھ حیدر آباد حبیب نظامانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون حیدر آباد لیاقت علی کلہوڑو، ڈپٹی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ ثنا اللہ رند کے علاوہ محکمہ جنگلات، ہائی ویز اور بلڈنگس کے افسران سمیت بلدیہ اعلیٰ حیدر آباد، قاسم آباد میونسپل کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس میں باتیں کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدر آباد نے کہا کہ سرسبز حیدر آباد نعرے کے تحت حیدر آباد شہر کو سرسبز بنانے اور شہریوں کو آلودگی سے پاک ماحول مہیا کرنا تمام محکموں کی ذمے داری ہے، اس لیے سرسبز حیدر آباد کے نام سے ایک واٹس اپ گروپ تشکیل دے کر تمام متعلقہ محکموں کے افسران کو اس میں شامل کرکے حیدر آباد کی خوبصورتی اور شجرکاری کے عمل کو فروغ دلایا جائے۔ کمشنر حیدر آباد نے یہ بھی ہدایت کی کہ جی او آر کالونی میں چار دیواری بنوانے کے ساتھ ساتھ وہاں کے پارک کو فوراً بحال کر کے وہاں پودے لگائے جائیں اور ان کی دیکھ بھال کے لیے مالی مقرر کیے جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ جب تک وہاں پر پارک بحال نہیں ہوتا تب تک لوگوں کے داخلے کو بند کیا جائے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ سرسبز حیدر آباد کے عنوان سے حیدر آباد کے 80 مختلف مقامات پر 35200 پودے لگانے کا پروگرام بنایا گیا ہے جبکہ صرف جی او آر کالونی کے پارک میں چاروں طرف 500 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ شہر میں خصوصی طور پر شہباز بلڈنگ کی صفائی ستھرائی اور پارکس کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر کے شہباز بلڈنگ کو کلیئر کر کے دکھایا جائے بصورت دیگر سخت کارروائی کی جائے گی۔