وفاق کبھی تاجر برادری کا ساتھ نہیں چھوڑے گا،گورنرسندھ

209

کراچی(اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ وفاق کبھی بزنس کمیونٹی کا ساتھ نہیں چھوڑے گا، صنعتی پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقعے پر صدر کاٹی شیخ عمر ریحان، سینیٹر عبدالحسیب خان، چیئرمین و سی ای او کائٹ لمیٹڈ زبیر چھایا، خالد تواب، سابق صدر کاٹی زاہد سعید، سینئرنائب صدر محمد اکرام راجپوت اورنائب صدر سید واجد حسین نے بھی اظہار خیال کیا۔گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا کی روک تھام کے لیے دور اندیشی پر مبنی فیصلے کیے اور آج اس حکمت عملی کی وجہ سے ملک میں بیماری کا زور ٹوٹ گیا ہے اور معیشت بھی ترقی کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بہت جلد پاکستان اسٹاک ایکسچینج دنیا کی سب سے کامیاب مارکیٹ بن کر ابھرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کے مزید بڑے ذخائر دریافت ہونے کی توقع نہیں اب ہمیں متبادل توانائی کی جانب ہی جانا ہوگا۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ گیس اور بجلی کی فراہمی میں تعطل صنعتوں کے لیے سب سے بڑا مسئلہ ہے، کراچی میں دونوں ادارے ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں اگر یہ بحران حل نہ ہوا تو صنعتیں بند ہوجائیں گی۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ ایف بی آر کے مسائل سنگین شکل اختیار کرتے جارہے ہیں کیمرا لگا کر مانیٹرنگ کرنے اور اکاونٹس تک پہنچنے کے اختیارات سے کاروبار بری طرح متاثر ہوگا، آپ ہماری آواز وزیر اعظم تک پہنچائیں۔ چیئرمین کائٹ زبیر چھایا نے کہاکہ صنعتی علاقوں کی ڈیولپمنٹ کمپنی کے لیے وفاق نے آج تک وعدہ کردہ فنڈز فراہم نہیں کیے، سندھ اپنا حصہ ڈال رہا ہے، وزیر اعظم اس حوالے سے فوری اقدام کریں۔