” امن کیلئے افغان قیادت کو سنجیدہ کاوشیں کرنا ہونگی”

346

اسلام آباد: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ افغان قیادت کوافغان امن عمل کومنطقی انجام تک پہنچانے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کرنا ہونگی.

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان اعلیٰ قومی امن کونسل کے سربراہ ڈاکٹرعبداللہ عبداللہ کودورہ پاکستان اوروزارت خارجہ آمد پرخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اورافغانستان کے درمیان گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں اور ہم افغانستان کی علاقائی سالمیت اورخود مختاری کا احترام کرتے ہیں.

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شروع سے کہتے آرہے ہیں کہ افغان مسئلے کاحل طاقت سے ممکن نہیں، پاکستان قابل قبول مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے پرامن اور دیر پا سیاسی حل کا حامی ہے، پاکستان افغان امن عمل میں خلوص  نیت سے مصالحانہ کردار ادا کرتا چلا آرہا ہے جبکہ آج دنیا پاکستان کے نکتہ نظرکو سراہ رہی ہے.

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ افغانستان میں امن خطے کی تعمیر و ترقی کیلئے ناگزیر ہے، افغان قیادت کوافغان امن عمل کومنطقی انجام تک پہنچانے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کرنا ہونگی، افغان امن عمل سے متعلق جاری کاوشوں میں شرپسند عناصر پر بھی نظر رکھنا ہوگی.

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی تعمیر و ترقی اور معاشی استحکام کیلئےعالمی برادری کو آگے آنا ہوگا، پاکستان دہائیوں سے مقیم لاکھوں افغان مہاجرین کی باوقار وطن واپسی کا خواہاں ہے، پاکستان افغانستان کے ساتھ دو طرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ کا خواہشمند ہے.