دواؤں  میں جو قیمت بڑھائی وہ زیادہ نہیں ہے،صوبائی وزیرصحت پنجاب

349

چکوال:صوبائی وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ہ دواؤں کی قیمتوں میں 2003 کے بعد کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ابھی جو قیمت بڑھائی گئی وہ زیادہ نہیں ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یاسمین راشد نے  ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرزاسپتال چکوال کا دورہ کیا، اس موقع پر  صوبائی وزیرہائیرایجوکیشن یاسرہمایوں بھی ساتھ تھے،صوبائی وزیرصحت نے اسپتال کے مختلف شعبوں کا دورہ کرتے ہوئے اسپتال میں صفائی کا بھی جائزہ لیا،یاسمین راشد کو مریضوں کو دی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ  پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے،8 اضلاع کے سرکاری اسپتالوں کی اپ گریڈیشن جاری ہے، پنجاب میں پہلی باراسپتالوں کی استعداد کار بڑھائی جارہی ہے۔

یاسمین راشد کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں نئے اسپتال تعمیرنہیں کیے گئے،تحریک انصاف کی حکومت نے نئے اسپتال بنانے کا اعلان کیا ہے،وزیراعظم کے ویژن کے مطابق عوام کیلئے آسانیاں پیدا کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے کینسر اور دل سمیت 94 دواؤں کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دی ہے، جس میں شوگر، کینسر، دل،  بخار، سردرد، ملیریا، اینٹی بائیوٹکس، پیٹ درد، زچگی،آنکھوں کےامراض سمیت دیگر ادویات شامل ہیں ، ادویات کی قیمتوں میں 9 سے 262 فیصد تک اضافہ ہواہے۔