بدین ،بجلی اور گیس کے بحران کیخلاف شہریوں کا احتجاجی دھرنا

367

بدین (نمائندہ جسارت)بدین بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور طویل بندش کے خلاف بدین اور گولارچی میں تاجروں شہریوں اور سپاف کا احتجاجی دھرنا اور بھوک ہڑتال بدین شہر میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور طویل بندش کے خلاف تاجر برادی شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے سوئی سدرن کے خلاف مہران چوک پر دوسرے روز بھی تاجر رہنماؤں خلیفہ طارق میمن، شاہ نواز زرگر، مولا بخش ملاح، عمران سومرو ،ممتاز پہنور خان، صاحب میمن ،گلزار میمن، ریاض طاہرانی ،شجاہت خواجہ، عبدالرحیم کھٹی، امتیاز میمن، مختار جعفری ،سیٹھ زاہد خواجہ، شاہ نواز سیال اور شیراز خواجہ کی قیادت میں دھرنادیا گیا۔ احتجاجی شرکا کے مطابق گیس کی لوڈشیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، دھرنا شہریوں اور سول سوسائٹی بدین کی کال پر دیا گیا۔ دھرنے میں شہری سمیت سیاسی سماجی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی۔ سوئی سدرن گیس کے عملے کے خلاف شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ اس موقع پر سوئی سدرن گیس کے افسران نے ڈی ایس پی بدین محبوب علی لونڈ اور ایس ایچ او بدین انور لغاری کے ہمراہ احتجاجی دھرنے میں پہنچ کر مظاہرین سے ملاقات کی اور شہریوں کو غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور گیس پریشر میں اضافے کی یقین دہانی کرائی ۔اس موقع پر شہریوں کا کہنا تھا کہ گیس کمپنی کی من مانیاں ختم ہی نہیں ہو رہیں اور بجلی جاتے ہی گیس کی لوڈشیڈنگ بھی کر دی جاتی ہے جس سے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والا فرد پریشان ہے۔ شہریوں نے کہا کہ اب کسی صورت لوڈشیڈنگ کو برادشت نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سوئی سدرن گیس کا عملہ اپنا قبلہ درست کرے اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کی گی تواحتجاج جاری رکھا جائے گا۔بجلی کی غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف گولاچی میں پی ایس ایف کی اپیل پر شہریوں نے فاضل راہو شہید چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر مین کراچی حیدرآباد اور بدین روڈ بلاک کر دیا جس سے دو گنھٹے تک ٹریفک بھی معطل ہو کر رہ گئی۔