سعودی عرب میں عمرہ زائرین کے لیے خصوصی تیاریاں

638
مکہ مکرمہ: امور حرمین شریفین کے نگران شیخ عبدالرحمن سدیس عمرہ کی بحالی سے قبل انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں

مکہ مکرمہ (انٹرنیشنل ڈیسک) مسجد الحرام کی انتظامیہ نے عمرہ زائرین اور نماز کے لیے آنے والوں کے خصوصی تیاریاں شروع کردیں۔ حرمین انتظامیہ کے سربراہ عبدالرحمن سدیس نے اپنی نگرانی میں مسجد الحرام میں جدید تھرمل کیمرے نصب کرائے۔ یہ کام حرم مکی میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے عارضی بندش کے بعد 4اکتوبر سے مرحلہ وار عمرے کو بحال کردیا جائے گا۔ انتظامیہ نے مسجد الحرام اور مسجد نبوی کو کورونا وائرس سے محفوظ کرنے کے لیے دیگر کئی انتظامات کیے ہیں۔ تھرمل کیمرے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ ہیں اور ان کی خصوصیت یہ ہے کہ ایسا شخص، جس کا درجہ حرارت بڑھا ہوا ہو، یہ اسے بڑی آسانی سے شناخت کرکے الارم بجادیتا ہے۔ اس طرح وہاں موجود انتظامیہ کے اہل کار وں کو متاثرہ شخص کے حوالے سے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے میں آسانی رہے گی۔ ڈاکٹر عبدالرحمن سدیس نے ماسک پروگرام بھی متعارف کرایا، جس پر سختی سے پابندی کرائی جائے گی۔ شیخ سدیس کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے اور زائرین کی صحت و سلامتی کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے اوزون ٹیکنالوجی کی مدد سے خانہ کعبہ کو جراثیم سے پاک کرنے کے کام میں بھی حصہ لیا۔