بے نظیر آباد یونیورسٹی انتظامیہ زائد فیس وصول کررہی ہے، طلبہ

124

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) وائس چانسلر ہٹائو یونیورسٹی بچائو مہم جاری، شہید بے نظیر آباد یونیورسٹی میں طلبہ سے زائد فیس وصول کرنے پر والدین اور طلبہ پھٹ پڑے جبکہ یونیورسٹی کے ملازمین چھے روز سے وائس چانسلر کیخلاف تنخواہ کی عدم ادائیگی اور کرپشن پر احتجاج کررہے ہیں، لاک ڈائون کے بعد شہید بے نظیر آباد یونیورسٹی کا آغاز ہوتے ہی طلبہ سے زائد فیسوں کی وصولی، من پسند طلبہ کو اسکالر شپ دینا اور تدریسی عملے کی جانب سے غیر اخلاقی اور غیر شرعی فرمائشوں پر طلبہ اور والدین پھٹ پڑے۔ والدین نے یونیورسٹی انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے زائد فیس وصول کی جارہی ہے، جس سے طلبہ میں شدید بے چینی، اضطراب اور غصے کی لہر پیدا ہوگئی، والدین پریشان ہوگئے ہیں جبکہ انتظامیہ کسی قسم کا تعاون کرنے کے لیے تیار نہیں۔ دوسری جانب ایسی بھی شکایات موصول ہوئی ہیں جن کو سن کر شرم آتی ہے کہ یونیورسٹی اساتذہ طلبہ سے غیر اخلاقی اور غیر شرعی مطالبات کرتے نظر آتے ہیں جبکہ من پسند طلبہ کو اسکالرشپس دی جارہی ہیں۔ اس سلسلے میں جب یونیورسٹی انتظامیہ سے رابطہ کیا گیا تو بتایا گیا کہ طلبہ سے بقایا جات وصول کیے جانے کے ساتھ ساتھ بس سروس کے چارجز وصول کیے جارہے ہیں۔ جب میڈیا نے استفسار کیا کہ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس سلسلے میں کوئی سرکلر جاری نہیں کیا تو جواب موصول ہوا کہ ابھی کچھ ہی دیر میں سرکلر جاری کردیا جائے گا، تاحال سرکلر جاری نہیں کیا گیا۔