کمپیوٹر خراب ہونے پرشاہد خاقان کیخلاف گواہ کا بیان ریکاڈ نہ ہوسکا

329

کراچی(اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف پاکستان اسٹیٹ آئل ( پی ایس او) میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس میں گواہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی ۔ جمعرات کو احتساب عدالت میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی و دیگر کے خلاف پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں سے متعلق ریفرنس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے موقع پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پیٹرولیم ارشد مرزا ، عمران الحق ، یعقوب ستار پیش ہوئے۔ اس موقع پر نیب کی جانب سے گواہ راشد عمر صدیقی کو پیش کیا گیا ۔احتساب عدالت کاکمپیوٹر خراب ہوگیا۔عدالتی کمپیوٹر میں ٹیکنیکل مسائل کے باعث شاہد خاقان عباسی کیخلاف گواہ کا بیان ریکاڈ نہ ہوسکا۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ گواہ کا بیان آئندہ سماعت پر قلمبند کیا جائے گا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہ کو طلب کرتے ہوئے سماعت 12 اکتوبر تک ملتوی کردی۔استغاثہ کے مطابق ملزمان پر قومی خزانے کو 138 ملین سے زاید کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔سماعت کے بعد سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب نے دھواں دار تقریر نہیں کی مسائل بیان کیے ہیں ، ان کا حل بھی بتایا ہے، اے پی سی کے اعلامیے میں شامل ہے ، حکومت کیسے آئی ہے سب کو پتا چل گیا ہے ،یہ ہائبرڈ حکومت ناکام ہوچکی ہے، بدنیتی پر مبنی بل پاس کرائے ایف ٹی ایف سے کوئی تعلق نہیں ہے ، گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا چاہیے ، اس کو اب اچھالا جارہا ہے ،مجھے اس کی سمجھ نہیں آرہی ہے ، آرمی چیف کی میٹنگ نہ جی ایچ کیو میں ہوئی یہ پارلیمنٹ میں ہوئی ، آرمی چیف کو نہیں ملنا چاہیے تھا کیا ؟