کراچی کو مافیاز کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، حافظ نعیم الرحمن

205

کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہاہے کہ کراچی کو ان مافیاؤں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑسکتے جنہوں نے 30برسوںمیں کراچی کو تباہ برباد کیااور شہریوں کا استحصال کیا، جماعت اسلامی کے تحت شہر بھر میں حقوقِ کراچی تحریک چلائی جارہی ہے، کارکنان الیکٹرونک فلوٹ کے ذریعے سے گراس روڈ لیول پر پیغام پہنچارہے ہیں،جماعت اسلامی کراچی کے مایوس اور محروم عوام کی آواز ہے، جماعت اسلامی شہر بھر میں مردم شماری سمیت کوٹا سسٹم اور بااختیار شہری حکومت کے حوالے سے تحریک چلارہی ہے۔ 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر عظیم الشان ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ ہوگا ، امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق مارچ سے خصوصی خطاب کریں گے اور آئندہ کا لائحہ عمل پیش کریں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ اور 27ستمبر کوشاہراہ قائدین پر ہونے والے عظیم الشان ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کی تیاریوں کے سلسلے میں پبلسٹی وین (VANS-SMD) کو مختلف اضلاع میں روانہ کرنے کے موقع پر میڈیاکے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امیر ضلع ائر پورٹ توفیق الدین صدیقی ،سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی شہر کی اسٹیک ہولڈر جماعت ہے جس نے ماضی میں بھی شہر کی بے مثال خدمت کی، کراچی پر اپنے حق کا دعویٰ کرنے والی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے عصبیت اور لسانیت کے نام پر عوام کا استحصال کیا ،کراچی شہر ایک گلدستے کی مانند ہے جہاں پورے ملک سے وابستہ افراد کی نمائندگی ہے ، کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے لیکن ہمیشہ سے کراچی کے ساتھ برا سلوک کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ معاشی رپورٹ کے مطابق پورا ملک کراچی کے ٹیکس سے چلتا ہے،وفاقی وصوبائی حکومتیں کراچی کو دینے کے بجائے صرف لیتی ہیں ، وزیر اعظم عمران خان کے اعلان کے بعد اب تک کسی آبادی میں تعمیر و ترقی کا کوئی کام نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے بنیادی مسائل مردم شماری،کوٹا سسٹم اور بااختیار شہری حکومت ہے ۔جماعت اسلامی ضلع شرقی یوسی 30 کے تحت صفورا چورنگی پر عوامی استقبالیے سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی کے لوگوں کو ان کا حق دیا جائے ہم کسی کا حق مار کر اپنا حق حاصل نہیں کرنا چاہتے ہم خدا کی زمین پر خدا کا نظام قائم کرنا چاہتے ہیں، شہر کو ان لوگوں سے بچانا چاہتے ہیں جو تخریب کا عمل چاہتے ہیں۔ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے نفرتیں جنم لے رہی ہیں۔ لسانی سیاست نے پہلے بھی اس شہر کو برباد کیا ہے۔27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ’’حقوق کراچی مارچ ‘‘ عوام کے احساسات و جذبات کا ترجمان ثابت ہو گا ،حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کے تمام مسائل پر آواز اٹھاتے رہیں گے کسی دبائو میں نہیں آئیں گے۔کراچی لاوارث شہر نہیں یہاں کے شہریوں کو حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا ہم نے اس وقت بھی شہر کے لیے آواز اٹھائی تھی جب کوئی آواز اٹھانے والا نہ تھا اور میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا تھا۔ اس وقت بھی جماعت اسلامی مزاحمت کا استعارہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے حقوق مانگنے کا یہ مطلب نہیں کہ ہم سندھ سے علیحدگی چاہتے ہیں ہم اسی آئینی فریم ورک میں رہ کر موجود حقوق حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس موقع پرجماعت اسلامی کراچی کے نائب قیم یونس بارائی ، امیر ضلع شرقی شاہد ہاشمی ،قیم ضلع ڈاکٹر فواد احمداور ناظم علاقہ فہیم عثمانی نے بھی خطاب کیا۔