ادویات کی قیمتوں میں اضافہ قابل مذمت ہے،جاوید قصوری

125

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے جان بچانے والی 94 ادویات کی قیمتوں میں ہوشر با اضافے کی منظوری انتہائی قابل مذمت ہے۔ ایسے فیصلے عوام کی زندگی کے ساتھ کھلواڑ کرنے کے مترادف ہیں۔ ہائی بلڈ پریشر، مرگی، کینسر، دل کے مریضوں کے لیے تجویز کردہ سمیت دیگر ادویات کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا کوئی احساس نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہوچکے ہیں۔ گیلپ سروے کے مطابق اگلے چھے ماہ تک ملکی معیشت تنزلی کا شکار رہے گی۔ معاشرے میں پائی جانے والی تشویش اور اضطراب سے عوام میں مایوسی کے اندھیرے پھیلتے چلے جارہے ہیں۔ پاکستان عملاً مسائلستان بن چکا ہے،، ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والا شخص پریشان حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر طیب اردگان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ورچوئل خطاب کے دوران مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق حل کرنے کے مطالبے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر کے پائیدار حل کے لیے عالمی برادری کا کردار افسوس ناک ہے۔ بھارت نے 80 لاکھ مسلمانوں کے حقوق کو غصب کر رکھا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے چھوٹے مجرموں کو سزا اور بڑے مجرموں کو بری کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اصل ذمے داران دندناتے پھر رہے ہیں۔ سانحہ بلدیہ فیکٹری میں لقمہ اجل بننے والوں کے لواحقین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اصل کرداروں کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر سر عام پھانسی دی جائے۔