ڈاکٹر ماہا کیس :آن لائن منشیات فروشی کا انکشاف

243

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر ماہا خود کشی کیس کی تفتیش کے دوران کراچی میں منشیات کی آن لائن ڈیلیوری کا نیٹ ورک لاہور سے آپریٹ کیے جانے کا انکشاف ہواہے جبکہ گروہ کے 2 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس نیٹ ورک کی ماسٹر مائنڈ ایک خاتون ہیں جو لاہور کے بااثر حلقوں سے تعلق رکھتی ہیں ۔آئس، کرسٹل اور دیگر منشیات استعمال کرنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں سوشل میڈیا نیٹ ورک پر کھانے پینے کا سامان اور دیگر اشیاء منگوانے کی طرح آرڈرز کرتے ہیں، سوشل میڈیا کے دوسرے اکاؤنٹ سے یہ آرڈر لاہور کی ایک خاتون کو بھیجا جاتا ہے اور یہ خاتون کراچی میں موجود اپنے نیٹ ورک کے لوگوں کو فراہمی کا آرڈر دیتی ہے۔ پولیس کے مطابق کراچی کے کسی بھی علاقے میں کسی بھی وقت 30 سے 40 منٹ میں منشیات کی کیش اینڈ ڈیلیوری کردی جاتی ہے ۔ڈاکٹر ماہا علی کے کلینک پر بھی اس طرح منشیات فراہم کی جاتی تھی ، ڈاکٹر ماہا علی کو کلفٹن کے کلینک میں آرڈر کرنے کے 30 منٹ میں اسی گروہ نے منشیات کی آخری ڈیلیوری دی تھی۔پولیس ڈاکٹر ماہا علی کو منشیات فراہم کرنیوالے ملزم کی گرفتاری کے بعداس نیٹ ورک کے دیگر افراد تک پہنچی تاہم خاتون اور دیگر مرکزی کرداروں کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔