کورونا وائرس: محفل سجانے پر خاتون کو 2 ہزار ڈالر جرمانہ

429

دبئی: کورونا وبا کے دوران گھر میں رقص وسرود کی محفل سجانے پرخاتون کو 2 ہزار 722 ڈالر یعنی (10 ہزار درہم ) جرمانہ عائد کردیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کیلیے  اجتماعات پر پابندی عائد ہے خاتون نے ضابطے کی خلاف ورزی کی اور گھر میں رقص وسرود کی محفل سجائی جس پرانہیں 10 ہزار درہم  جرمانہ عائد کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ پولیس نے اس عورت کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے، البتہ بتایا ہے کہ اس نے اپنے گھر میں موسیقی پارٹی کا اہتمام کیا، مہمانوں نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی پابندی کی تھی اور نہ ان میں سے کسی نے چہرے پر فیس ماسک پہن رکھا تھا۔

دبئی پولیس کے شعبہ تفتیش جرائم عامہ کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر جمال سالم الجلاف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس عورت کو 2020ء کے ضابطہ نمبر 38 کی خلاف ورزی کے الزام میں 10 ہزار درہم جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔

الجلاف کا کہنا ہےکہ موسیقی بینڈ کے ارکان اور گھر میں منعقدہ تقریب میں موجود تمام افراد کو 1361ڈالر (5000 درہم) فی کس جرمانہ عاید کیا گیا ہے۔