اسٹیٹ بینک کا شرح سود 7 فیصد برقرار رکھنے کا اعلان

454

کراچی:اسٹیٹ بینک نے اگلے دو ماہ کیلئے شرح سود 7 فیصد کی سطح پر برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق اسٹیٹ بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی  کا اجلاس ہوا، جس میں معاشی جائزہ لینے کے بعد شرح سود 7 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔

مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم سی پی)کے اجلاس کے بعد گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر نے پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ  اگلے دو ماہ کے لیے شرح سود 7 فیصد پر برقرار رہے گی۔

خیال رہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ کورونا وبا کے بعد شرح سود میں 6.25فیصد کمی کی جاچکی ہے،مارچ کے بعد شرح سود 13.25فیصد سے گھٹ کر7فیصد کیا گیا۔

رضا باقر نے کہا کہ ملک میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے لیکن اس کا تعلق  انتظامی معاملات سے ہے،مجموعی طور پرمہنگائی ہدف 7سے 9 فیصدکے اندر رہنے کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حلقوں میں اعتماد اور معاشی نمو میں بہتری آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے،ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں 5 ارب ڈالرکا اضافہ ہوا۔

گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج گزشتہ سال بہترین مارکیٹ قرار پائی ہے۔ کورونا وبا سے دنیا کے تمام ممالک کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔