ڈگری، متحدہ میگھواڑ فورم کی جانب سے متاثرین میں راشن بیگ تقسیم

111

ڈگری (نمائندہ جسارت) ڈگری میں متحدہ میگھواڑ فورم کی جانب سے سیلاب متاثرین خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ حالیہ بارشوں کے بعد سندھ بالخصوص سب ڈویژن ڈگری میں سیلابی صورتحال سے دیہی اور شہری علاقوں کے افراد شدید متاثر ہوئے جبکہ دیہات میں بسنے والے افراد اپنے مکانات کے منہدم ہونے، کھیت اور فصلیں پانی کی نذر ہونے کے بعد اپنے مال مویشی اور معصوم بچوں سمیت بے یارو مددگار سڑکوں پر آگئے، ایسے میں کسی سرکاری ادارے یا حکومت کی طرف سے امداد تو نہ پہنچ سکی۔ سماجی تنظیم متحدہ میگھواڑ فورم کی جانب سے بارش متاثرین کی امداد کے لیے راشن تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈگری سب ڈویژن کے شہروں ڈگری، ٹنڈو جان محمد، جھڈو اور نوکوٹ کے نواحی گائوں میں متحدہ میگھواڑ فورم کے زیر اہتمام ضلعی صدر سبھاش چندر، نائب صدر گوبند رام کٹاریا، پریس سیکرٹری کشور گجر، مکیش کمار راٹھور، ھیمراج سیجوانی کی سربراہی میں مستحق خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ بعد ازاں سماجی تنظیم کے افراد ڈگری سے ٹنڈو جان محمد امدادی سامان تقسیم کرنے کے لیے روانہ ہوگئے۔