خورشید شاہ دس ماہ سے اسپتال میں داخل ہے ،مرض کا پتا نہیں چل رہا

238

سکھر( نمائندہ جسارت) پاکستان تحریک انصاف نادرن سندھ سکھر ریجن کے جنرل سیکرٹری مبین احمد جتوئی نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی دل کے اسپتال کسی بھی مریض کو چار دن سے زیادہ ایڈمٹ نہیں کرتی، سید خورشید شاہ انوکھا مریض ہے دس ماہ گزرنے کے باوجود بھی مرض کا پتا نہیں چل رہا۔ عوام کا پیسہ لوٹنے والے عدالت میں کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سکھر کی یوسی 26 بچل شاہ میانی آصف کالونی والے علاقے میں جتوئی، شیخ اور چوہان برادریوں سمیت مختلف برادریوں کے معززین اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت کرنے والی منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پی ٹی آئی رہنما منور چوہان، عبدالستار چاچڑ، ماجد ڈنور، کاشف قاضی، اصغر ٹانوری، لیاقت ڈریھو اور صبا بھٹی و دیگر نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مبین احمد جتوئی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے پیغام کوہر جگہ پہنچا رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی بڑا دعویٰ کرتی ہے کہ سکھر میں این آئی سی وی ڈی بنائی ہے اور ایسا اسپتال دنیا میں کسی بھی جگہ نہیں ہے۔ این آئی سی وی ڈی اسپتال میں غریب کو چار دن بھی ایڈمٹ نہیں کیا جاتا۔ پتا نہیں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ کو 10 ماہ سے اسپتال میں کیوں رکھا گیا ہے۔ بیماری کے بہانے سے جیل سے خوفزدہ سیاستدانوں کو اسپتالوں کے بجائے جیلوں میں بند کیا جائے۔ تقریب کے ٹائم ینگ اتحاد کے نوجوانوں نے بڑی تعداد میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔