حکومت سندھ اسکولز کھولنے میں رکاوٹ نہ ڈالے ‘ اسحق منصوری

208

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ نے حکومت سندھ سے مرحلہ وار اسکول کھولنے کے متفقہ فیصلے کی راہ میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس کی آڑ میں اسکول بند کرنے کے تعلیم دشمن فیصلے کے بجائے وبا کے پیش نظر حفاظتی تدابیر اور اسکولوں میں بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے اقدامات کرے۔ شعبہ تعلیم سندھ کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اسحق منصوری نے صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت تعلیمی اداروں کے لیے مشکلات پیدا کرنے کے بجائے تعلیم کی بہتری اور پرائیویٹ اسکولوں کے مسائل کے حل کے لیے اپنی ذمے داری پوری کرے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے اکثر تعلیمی اداروں میں کسی قسم کی بنیادی سہولت میسر نہیں ‘ بچے حفظان صحت کی بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں‘ سرکاری اسکولوں کی تو اکثریت پینے کے صاف پانی، چار دیواری اور باتھ روم کی سہولت سے بھی محروم ہے‘ کئی اسکولوں کی عمارتوں میں ابھی بھی بارش کا پانی کھڑا ہے‘ حکومت سندھ سب سے پہلے تو ان بنیادی ضروریات کی فراہمی کی فکر کرے‘ کورونا وائرس سے حفاظت کے لیے اسکولوں میں ماسک فراہم کیے گئے نہ ہی حفاظتی اسپرے کرایا گیا ہے‘ صوبے میں پہلے ہی تعلیمی صورتحال ابتر ہے‘ اس لیے سندھ حکومت تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھولنے کے فیصلے کی راہ میں رکاوٹ کھڑنی نہ کرے۔