اپوزیشن کی منی لانڈرنگ کی پیاس بجھ نہیں رہی، شہباز گل

524

اسلام آباد: معاون خصوصی شہباز گل کا کہنا ہے کہ ایک بار پھر آل پاکستان لوٹ مار ایسوسی ایشن اکٹھی ہو رہی ہے۔

تفصیلات  کے مطابق آل پارٹیز ملاقات سے پہلے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہبازگل کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی منی لانڈرنگ کی پیاس بجھ نہیں رہی، یہ وہی لوگ ہیں جو اپنے ساتھ اپنے کھانے اور برتن ساتھ لے کر جاتے تھے، ان کے پتیلے بھی ہیلی کاپٹر کے ذریعے مری جاتے تھے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جھوٹ میں شریف خاندان کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا، دبئی ٹاور سے لیکر لندن فلیٹس سب ان کی ملکیت ہیں۔

 جھوٹے خط دینے پر قطری شہزادے نے بھی پناہ مانگی جبکہ ڈاکا زنی پر کسی کو انعام ملا تو آصف زرداری بلامقابلہ منتخب ہوں گےاور اگر حساب مانگیں تو کہتے ہیں سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے۔

شہبازگل کا کہنا تھا کہ اپنے بیانات میں آصف زرداری نے کہا (ن) لیگ کو جب بھی حکومت ملی پاکستان کو کنگال کردیا مگر آج آل شریف بلاول زرداری کے پاس حاضر ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ آج شہبازشریف علی بابا چالیس چور کے گھر جا رہے ہیں جبکہ رینٹ اے کراؤڈ والے مولانا بھی ان سے ملنے جا رہے ہیں اور اپوزیشن والے مل کر این آر او مانگ رہے ہیں۔

معاون خصوصی  نے کہا کہ وزیر اعظم  نے ایک دفعہ کہا تھا کہ جب سارے چور اکٹھے ہو جائیں تو سمجھ جائیں شہر میں ایماندار تھانیدار آ گیا ہے، دو سالوں میں پانچویں اے پی سی ہو رہی ہے، انہیں کیوں عمران خان سے اتنا خوف ہے۔

واضح رہے گزشتہ روز سماجی ویب سائٹ پر شہباز گل نے ٹوئٹ کیا تھا کہ   اگر مفرور مجرم نواز شریف نے اے پی سی سے خطاب کیا اور ان کا خطاب نشر ہوا تو پیمرا اور دیگر قانونی آپشن استعمال ہوں گے،  یہ کس طرح ممکن ہے کہ ایک مفرور مجرم سیاسی ایکٹیوٹییز کرے اور بھاشن دے-شریف خاندان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں بول سکتا۔ اتنے جھوٹے ہیں کہ بیماری پر بھی جھوٹ بولتے ہیں۔

دوسری جانب آج اسلام آباد میں اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس ہونے جارہی ہے جس میں ویڈیو لنک سے آصف علی زرداری اور میا ن نواز شریف نے خطاب کیا اور شرکت کرنے والے سب رہنماوں کا شکریہ ادا کیا۔