جماعت اسلامی کی نڈر قیادت بلدیاتی الیکشن میں مخالفین کو سرپرائز دیگی

165

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک میں بڑھتے ہوئے بحرانوں اور جرائم کی اصل وجہ فرسودہ نظام ہے جس میں مہنگائی، بے روزگاری کے ساتھ عوام کی عزت و آبرو تک محفوظ نہیں رہی جو موجودہ نظام اور نانہاد جمہوریت کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام وزیر اعلیٰ ہائوس مال روڈ پر سانحے موٹروے کے خلاف ہونے والے احتجاجی عوامی دھرنے کی انتظامی کمیٹیوں اور ضلعی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد، نائب امرا جماعت اسلامی لاہور ملک شاہد اسلم، افتخار احمد چودھری، اظہر بلال، امرا جماعت اسلامی شمالی، شرقی، وسطی، جنوبی اور غربی لاہور چودھری محمو شوکت، ڈاکٹر محمود احمد، حاجی ریاض الحسن، خالد احمد بٹ اور ملک محمد شفیق، انچارج پروگرامات جماعت اسلامی لاہور چودھری محمود الاحد، سیکرٹری عبدالعزیزعابد، سیکرٹری سیاسی کمیٹی نثار احمد عابد، رہنما حلقہ خواتین وسیم اسلم قریشی اور جے آئی یوتھ لاہور کے سیکرٹری قدیر شکیل سمیت بردار تنظیمات کے عہدیداران اور ضلعی عہدیداران نے شرکت کی ۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ ملک و قوم کی بیٹیوں کی عزت و آبرو کیلیے عوامی دھرنے میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے والے مردوخواتین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنسی درندوں کی پھانسی کی سزا کی مخالفت کرنے والی سیاسی پارٹیاں پی ٹی آئی، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ سانحہ موٹر وے پر مگرمچھ کی طرح قوم کے سامنے آ نسو بہاکر قوم کو بے وقوف بنارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر لاہور میں ہر گزرتے دن کے ساتھ جرائم کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہورہا ہے جو تشویشناک امر کے ساتھ ہمارے سیکورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں وہ نظام چاہتی ہے جس میں عوام کے مال و جان اور عزت و آبرو محفوظ ہوں۔عوام نے اب ملک کی تمام نانہاد سیاسی پارٹیوں اور چہروں کو آزما لیا ہے اب کارکنان اور ورکرز کمر پستہ ہوجائیں اور بلدیاتی الیکشن کے لیے رابطہ عوام مہم کو مزید تیز کریں۔ جماعت اسلامی لاہور کی باصلاحیت اور نڈر قیادت بلدیاتی الیکشن میں مخالفین کو سرپرائز دے گی اورخدمت کی سیاست کو پروان چڑھائے گی۔