ڈاؤ یونیورسٹی، کورونا وارڈ سے آکسیجن سلنڈر چوری کی کوشش ناکام

584

کراچی(اسٹاف رپورٹر): ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس کے کورونا وارڈ سے آکسیجن سلنڈر چوری کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق ڈاؤ یونیورسٹی اوجھا کیمپس کے کویڈ-19 وارڈ سے آکسیجن سلنڈر چوری کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں نے 2ملزمان کو رنگے ہاتھوں پکڑکر دو(2) آکسیجن سلنڈر برآمد کر لیا، ملزمان کو مالِ مسروقہ سمیت پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔

ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے کووڈ وارڈ میں آکسیجن سلنڈر سپلائی کرنے والے ٹھیکیدار کی شکایت پر سیکیورٹی چیک بڑھا دیا گیا تھا، شکایت میں بتایا گیا تھا کہ بعض افراد سلنڈر چوری کرنے کی کوشش کرتے ہوئے ناکام ہو کر فرار ہوگئے۔

 گزشتہ شب ملزمان نے ٹھیکیدار کے خیمے سے آکسیجن سلنڈر چوری کرکے رکشہ میں رکھ لیا اور وہ لیکر فرار ہورہے تھے، تاہم سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں دھر لیا۔مبینہ ملزمان کے نام خاور نعیم خان ولد نعیم اللہ خان اور میز الدین ولد نعیم الدین بتائے گئے ہیں، ملزمان کنٹریکٹر کے سابق عارضی ملازم بتائے جاتے ہیں، جنھیں کنٹریکٹ ختم ہونے پر فارغ کردیا گیا تھا۔

 ڈاؤ یونیورسٹی انتظامیہ نے واقعے کے بعد سیکیورٹی مزید سخت کردی ہے،سیکیورٹی اہلکاروں نے سچل تھانے میں ان کے خلاف مقدمہ درج کرادیاہے۔