پیپلزپارٹی نے حلقہ بندیاں رکوادیں، بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹ

413

اسلام آباد / کراچی(نمائندہ جسارت+اسٹاف رپورٹر) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں حلقہ بندیوں کا شیڈول واپس لے لیا۔سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیاںنہ کرنے سے متعلق حکم نامہ بھی جاری کردیاگیا۔پیپلزپارٹی نے سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیاں رکوانے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست دی تھی جب کہ سندھ حکومت نے بھی مردم شماری کے حتمی نتائج کے اجرا سے قبل حلقہ بندیوں پر اعتراض کیا تھا،الیکشن کمیشن نے درخواست منظور کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا شیڈول واپس لے لیا۔ اب قومی مردم شماری کے نتائج تک سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیاں نہیں ہوسکیں گی، 2017ء میں ہونے والی مردم شماری کے نتائج مشترکہ مفادات کونسل کو منظور کرنے ہیں۔واضح رہے کہ سندھ میں 30 اگست کوکونسلز کی مدت ختم ہوئی تھی اور آئین کے تحت کونسلز کی مدت ختم ہونے کے 120 روز کے دوران بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہونا تھا تاہم الیکشن کمیشن اف پاکستان کے بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول واپس لینے کے بعد اب صوبے میں بلدیاتی الیکشن کے 120 دن میں انعقاد کا امکان ختم ہوگیا ہے۔