پی سی بی نے پی ایس ایل کا اہم معاہدہ ختم کردیا

484

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پارٹنر سے اپنا معاہدہ ختم کردیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ واجبات کی ادائیگی سمیت متعدد مرتبہ معاہدے کی دیگر سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پارٹنر سے اپنا معاہدہ ختم کیا، ایچ بی ایل پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس برائے 2019 تا 2021 ٹیک فرنٹ انٹرنیشنل ایف زیڈ ای نے حاصل کر رکھے تھے تاہم بورڈ کا کہنا ہے کہ متعد مرتبہ کنٹریکٹ کی سنگین خلاف ورزیاں کرنے پر معاہدہ ختم کیا۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایلI) کے پراجیکٹ ایگزیکٹو شعیب نوید کا کہناہےکہ پی سی بی ایک پیشہ ور ادارہ ہے جو شفافیت سے کام کرتا ہے، متعدد مرتبہ یاد دہانی اور رابطے کے باوجود پارٹنر اپنی زمہ داریاں اور معاہدے کی پاسداری کرنے میں ناکام رہا، جس کے بعد پی سی بی کے پاس معاہدے کو ختم کرنے کے علاوہ اور کوئی آپشن باقی نہ رہا۔

شعیب نوید کا کہنا ہے کہ پی سی بی کے لیے اس معاہدے کو اس وقت ختم کرنا اس لیے بھی ضروری تھا کیونکہ پی سی بی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل کے آئندہ ایونٹ کے لیے نئے شراکت دار کو ڈھونڈنے میں اب مناسب وقت مل جائے گا۔

دوسری جانب پی سی بی نے بین الاقوامی علاقوں کے لیے متعلقہ براڈکاسٹرز اور مختلف سب لائسنسی سے رابطے بھی شروع کردئیے ہیں جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 کے لیےایک  مربوط میڈیا رائٹس اسٹریٹیجی تیار کرنے کےعمل کا بھی آغاز  کردیا  ہے۔

واضح رہے کہ پی سی بی اس حوالے سے اپنے نقصان کو پورا کرنے کے دعویٰ کا حق محفوظ رکھتا ہے اور وہ اس سلسلے میں لیگ اور اس کے تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفادات کو پیش نظر رکھتے ہوئے سخت ترین اقدامات اٹھائے گا۔