گیارہ سوارب حکمرانوں کی سیاست کی نذر ہوتے نظر آرہے ہیں، حافظ نعیم

633

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ حکمرانوں کی نااہلی نے تجارتی علاقوں کو حال براکردیا، 1100ارب روپے کے پیکیج کا اعلان بھی نااہل حکمرانوں کی سیاست کی نذر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

حافظ نعیم الرحمن نے رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کے ہمراہ بارش کے دوران متاثرہ جوڑیا بازار،بولٹن مارکیٹ، چھانٹی لین،کھوڑی گارڈن،پلاسٹک مارکیٹ، میڈسن مارکیٹ،کپڑا مارکیٹ سمیت ملحقہ مارکیٹس کا دورہ کیا، تاجروں سے ملاقات اور میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ دنیا بھر میں تجارتی علاقوں میں حکومت کی جانب سے خصوصی اقدامات کیے جاتے ہیں،بارشوں کے دوران اور بعد میں جوڑیا بازار،بولٹن مارکیٹ، چھانٹی لائن،کھوڑی گارڈن،کپڑا مارکیٹ سمیت ملحقہ مارکیٹوں میں حکومت کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کراچی کی تباہی میں ایم کیو ایم،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن تمام جماعتیں کراچی کی تباہی میں برابر کی شریک ہیں،کراچی ڈوب رہا تھا اور عمران خان بجلی کی قیمت میں اضافہ کررہے تھے۔

امیرکراچی نے مزید کہاکہ کراچی کے عوام نااہل اور کرپٹ حکمرانوں سے جان چھڑائیں اور 27ستمبر کو ”حقوق کراچی تحریک“میں بھرپور شرکت کریں،27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ”حقوق کراچی تحریک“ مارچ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔