بارش زدگان کے لیے سندھ کے وزرا کا ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان

186

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلزپارٹی سندھ کے صدر صوبائی مشیر نثار کھوڑو نے کہاکہ بارشوں کی وجہ سے سندھ میں ہونے والی تباہی کا جائزہ لینے کے بجائے وزیر اعظم عمران خان گورنر ہاؤس کا چکر لگاکر واپس چلے گئے۔ افسوس کی بات ہے کہ اپنے حلقہ انتخاب میں بھی نہیں گئے ۔، فرقہ واریت اور لسانیت کی روک تھام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے یہ نہیں ہونا چاہیے کہ فرقہ واریت میں ملوث فرد کو باہر بھیج دیاجائے۔ یہ بات انہوںنے پیپلزپارٹی حیدرآباد کے
صدر صغیر قریشی کی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آفتاب خانزادہ، علی محمد سہتو اور پاشا قاضی ودیگر بھی موجود تھے۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ پی پی کے چیئرمین بلاول زرداری نے مصیبت کی گھڑی میں سندھ کے لوگوں کو تہنا نہیں چھوڑا ۔پورے سندھ میں ایک ہفتہ تک دورہ رکے اپنی آنکھوں سے نقصانات کا جائزہ لیا اورثابت کیا کہ وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے حقیقی وارث ہیں اور عوام کا درد ان کے دل میں ہے۔ ہم سندھ کے عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ نثار کھوڑو نے کہاکہ ہمارا مطالبہ تھا کہ آفت زدہ اضلاع میں زرعی ایمرجنسی نافذ کی جائے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ نثار کھوڑو نے مزید کہاہ سندھ کی تباہ شدہ حالت کی بہتری کے لیے بلاول زرداری نے ایک ریلیف کمیٹی قائم کی ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ کے ہر ضلع میں یہ کمیٹی ریلیف کیمپ قائم کرے گی اور امداد جمع کرے گی۔ پی پی کے تمام وزراء ، سینیٹرز، اراکین اسمبلی نے بارش سے متاثرہ لوگوں کی بحالی کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کو تمام معاملات کی خبر ہوتی ہیں فرقہ واریت اور لسانیت کی روک تھام کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، یہ نہیں ہونا چاہیے کہ فرقہ واریت میں ملوث فرد کو باہر بھیج دیاجائے۔