حیدرآباد :پولیس کی کارروائی جعلی آئل فروخت کرنے والے ملزمان گرفتار

242

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) مکی شاہ پولیس کی کارروائی، جعلی آئل کی فروخت کو ناکام بناتے ہوئے 2 ملزمان کو بھاری مقدار میں آئل کارٹن اور دیگر سامان سمیت گرفتار کرلیا۔ تھانہ مکی شاہ پولیس کو دوران پیٹرولنگ خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ جعلی آئل کی بھاری مقدار میں فروخت کے لیے منتقلی کی جارہی تھی، جس پر کارروائی کرتے ہوئے بیکری روڈ کینٹ قبرستان کے قریب چھاپا مار کارروائی میں 2 ملزمان محمد عرفان اور عبدالقیوم کو گرفتار کرلیا جبکہ آئل ڈیلر عمران قریشی اور رفیق عرف گلن سامان چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ آئل ڈیلر عمران قریشی اپنے ساتھیوں سمیت جعلی آئل کے کارٹن فروخت کے لیے منتقل کررہا تھا جو پولیس نے ناکام بنادی۔ چھاپا مار کارروائی میں معروف آئل کمپنی کی بوتلوں کے جعلی پیکنگ میں 12 کارٹن، 1 پلاسٹک آئل ڈرم، 1 آئل پمپ، 2 کارٹن خالی بوتلوں کے، 24 کارٹن پیپر گتا، 1 الیکٹرونک سیلنگ مشین، ایک لوہے کی استری، شاپر میں مختلف کمپنیوں کے اسٹیکر، بوتل، ڈھکن وغیرہ برآمد ہوئے۔ مکی شاہ پولیس نے پیٹرولیم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔