لاڑکانہ ،گائوں محمد صالح بروہی کے مکینوں کا سہولیات کی عدم فراہمی پر احتجاج

291

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ کے نواحی گاؤں محمد صالح بروہی کے مکینوں نے بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر دیہاتیوں حاجی میان بخش بروہی، رسول بخش بروہی، احمد علی بروہی و دیگر کا کہنا تھا کہ ہمارا گاؤں محمد صالح بروہی قیام پاکستان سے قبل لاڑکانہ کے قریب واقع ہے، جہاں بجلی کا نظام درست نہیں، جبکہ سڑکیں نہ ہونے کے باعث ہمیں شہر آنے جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، نالے تعمیر نہ ہونے کے باعث بارشوں کے موسم میں ہمارے گھروں میں پانی داخل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کے سرکاری بوائز اسکول میں 300 سے زائد طالبعلم زیر تعلیم ہیں، حکومت سندھ نے 15 ستمبر اسکول کھولنے کا اعلان کیا تاہم اسکول کی بھی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گاؤں میں سوئی گیس بھی موجود نہیں جبکہ جدید دور میں خواتین لکڑیوں پر کھانا تیار کرنے پر مجبور ہیں۔ متعدد بار حلقے سے منتخب پیپلز پارٹی کے نمائندوں اور رہنماؤں سمیت کمشنر و ڈپٹی کمشنر کو شکایتیں کرچکے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ مظاہرین نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ و دیگر سے اپیل کی کہ قدیمی گاؤں کو بجلی، سوئی گیس، سڑکوں، ڈرینج سمیت دیگر سہولیات فراہم کی جائیں۔