پیپلزپارٹی کی حکومت نے سندھ کو ڈبو دیا ،آباد گار تحریک

169

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ آبادگار تحریک کے مرکزی صدر غلام مصطفی لغاری نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے گزشتہ بجٹ میں پچاس ارب روپے سیم نالے اور نہروں کے پشتوں کی مرمت کے لیے رکھے تھے جو کہ کرپشن کی نذر ہوگئے اور سیم نالے یا پشتوں کی مرمت پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا، اس کرپشن کی وجہ سے برسات میں زراعت کو بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے۔ پی پی ذمے داران نے سندھ کو ڈبو دیا، برسات کے باعث سندھ بھر میں 90 فیصد فصلیں تباہ ہوگئیں، مرچ، گنا، ٹماٹر، دھنیا سمیت دیگر فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ میرپور خاص، بدین، ٹھٹھہ، جوہی سمیت پورا سندھ براہ راست سے متاثر ہے اور تاحال حکومت سندھ نے برساتی پانی کو نکالنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے، پہلے ہی فصلیں تباہ ہوچکی ہیں، مزید فصلوں کی بوائی کے لیے زمین میسر نہیں ہے۔ انہوں نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تباہ ہونے والی فصلوں کا معاوضہ کم از کم فی ایکڑ 80 ہزار روپے امداد یا قرض حسنہ کی صورت میں دیا جائے، جن غریب ہاریوں کے گھر گر گئے ہیں ان کو پانچ لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے۔ اس موقع پر جاکرو نوحانی، محمد علی تالپور، ماجد لغاری، محبوب راہموں ودیگر بھی موجود تھے۔