دو برس میں 5 ہزار ارب بچائے، نچلے طبقے کی مدد کرینگے، حفیظ شیخ

196

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی بہتر پالیسیوں اور فنانس ٹیم کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے، عوام کو حکومت سے جو امیدیں ہیں وہ پوری کریں گے، ہماری کوشش ہے نچلے طبقے کی مزید مدد کی جائے، حکومتی اقدامات کے باعث 2 سال میں 5 ہزار ارب کی بچت کی گئی جبکہ کورونا کے باعث ترقی کی شرح اور ٹیکس محاصل میں کمی ہوئی۔ ہفتے کو اووسیز چیمبر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ معاشی بحالی کیلیے حکومت نے سخت فیصلے کیے، ہم نے حکومت کے اخراجات میں کمی کی، فوج کے اخراجات منجمد کیے، پاکستان کے کمزور ترین طبقے کی مدد کا فیصلہ کیا گیا، سابق قبائلی اضلاع کیلیے 152 ارب کا پیکج رکھا۔ حکومت نے برآمدات میں اضافے کیلیے متعدد مراعات دیں، گزشتہ مالی سال میں حکومت نے کوئی مالی گرانٹ نہیں دی، یوٹیلیٹی بل میں آسانی اور آسان قرض دیے گئے، کورونا کے بعد ملکی معیشت پر برے اثرات پڑے۔ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ احساس پروگرام سمیت حکومت کے دیگر اقدامات کو سراہا جا رہا ہے، مشکل صورتحال میں غریبوں کی امداد کا منصوبہ شروع کیا، کورونا میں کمی کے ساتھ اچھے اثرات نمودار ہو رہے ہیں، کھاد، گاڑیوں، سیمنٹ اور موٹر سائیکل کی پیداوار بڑھی ہے، ہماری کوشش ہے عالمی سرمایہ کاروں کو مائل کیا جائے۔