ہجرت کالونی میں آتشزدگی ایک ہی خاندان کے 4افراد جاں بحق

136

 

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سول لائن کی ہجرت کالونی میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں2سالہ بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق اور5زخمی ہوگئے ،ہلاکتیں جھلسنے اور دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئیں ،جاں بحق ہونے والوں میں دادی، پوتی، بیٹا اوربہو شامل ہیں،ایک نوجوان نے عمارت سے چھلانگ لگادی۔ فائر بریگیڈ کے تاخیر سے پہنچنے کے باعث کشن کے کارخانے میںلگی آگ نے عمارت کولپیٹ میں لیا۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کی علی الصبح سول لائن تھانے کے علاقے ہجرت کالونی بلاک نمبر دو گلی نمبر4 میں واقع ایک تین منزلہ رہائشی عمارت کی نچلی منزل پرواقع ایک صوفے کے کشن بنانے والے ایک کارخانے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیارکرلی اور پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر پولیس اور فائر بریگیڈ کو دی گئی، تاہم علاقہ مکینوں کے مطابق فائر بریگیڈ کا عملہ تاخیر سے پہنچاجس کے باعث آگ شدت پکڑتی اور مزید پھیل گئی اس دوران متاثرہ عمارت کے ایک26 سالہ مکین اویس ولد محمد طالب نے اپنی جان بچانے کے لیے پہلی منزل سے چھلانگ لگادی جس کے باعث وہ شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کردیا۔ آتشزدگی کے دوران دوسری اورتیسری منزل کے رہائشی افراد فوری طور پرمحفوظ مقام پر منتقل ہو گئے جبکہ پہلی منزل کے رہائشی خاندان باہر نکلنے کا موقع نہیں ملا،عمارت میں آگ لگنے کی اطلاع پر پہلے فائر بریگیڈ کی ایک فائر ٹینڈر موقع پر پہنچی اورآگ پرقابوپر پانے کی کوششیں شروع کردی گئیں آگ کی شدت کو دیکھتے ہوئے فائر بریگیڈ کی مزیدگاڑیاں طلب کرلیں جس پر فائربریگیڈ اورکے پی ٹی مزید فائرٹینڈرموقع پرپہنچ گئے اور عمارت میں لگی آگ پرقابو پانے کی کوششیں تیزکردیں،تاہم تنگ گلیوں اورعوام کے رش کی وجہ سے امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔