جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کے لیے کوشاں ہے، اسماء سفیر

507

  کراچی: جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ اسماء سفیر کا کہنا ہےکہ جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کے لیے کوشاں اورمعاشرے میں درپیش مسائل کے حل کے لیے پیش پیش ہے۔

جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں ”تحفظ ہمارا حق“ کے عنوان سے مذاکرہ منعقد کیا گیا،جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی کی نمایاں خواتین نے شرکت کی اور اظہار خیال کیا، مذاکرہ کی صدارت اسماء سفیر نے کی۔

اسماء سفیر نے کہاکہ عورت کا تحفظ معاشرے کا تحفظ ہے، معاشرے کا ماحول جرائم کی اصلاح وروک تھام اوررشتوں کے تقدس کا ہونا چاہیئے،اس میں میڈیا کا کردار بہت اہم ہے،جب تک سوشل میڈیا پر ٹرینڈ نہ بنے جرم کی طرف توجہ مبذول نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہاکہ  صنعتی انقلاب کے بعد سے عورت کو استعمال کیا جارہا ہے اورمرد کے شانہ بشانہ چلنے کے خواب دکھا کر اسے بہکایا گیا کہ وہ نہ گھر کی رہی اور نہ ہی بچوں کی،حیا مردوعورت دونوں کے لیے یکساں ہے،صرف انفرادی عمل ہی نہیں پورے نظام کی تبدیلی کی بھی ضرورت ہے۔

اسماء سفیر نے کہاکہ ہم نے اپنی اقدار کو پس پشت ڈال دیا ہے،ماؤں کے لیے ضروری ہے کہ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں اور بچوں کی بہترین تربیت کریں۔

ثناء علیم نے کہاکہ تعلیمی اداروں کے ماحول اور تعلیمی نصاب پر غور کرنے کی ضرورت ہے، جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے معاشرے میں حیا کے کلچر کو عام کرنے کی کوششیں کیں ہیں۔