حیدر آباد ، جوہڑ میں تبدیل ، نظام زندگی مفلوج

317

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) برسات کو ایک ہفتے سے زیادہ ہوگیا، تاحال شہر حیدر آباد جوہڑ بنا ہوا ہے، لطیف آباد نمبر12,11,8, حسین آباد، مکرانی پاڑہ، ٹنڈو یوسف، امریکن کوارٹرز، گجراتی پاڑہ، نورانی بستی سمیت دیگر علاقوں میں نظام زندگی مفلوج ہے۔ لطیف آباد کے بڑے بازار 12 نمبر کا مین روڈ گندے پانی کا تالاب بنا ہوا ہے جبکہ ایئر پورٹ روڈ، یونٹ نمبر 8 سابق ڈپٹی میئر سہیل مشہدی کا علاقہ جوہڑ بنا ہوا ہے، سڑکوں پر کئی کئی فٹ گڑھے پڑے ہوئے ہیں۔ ماجی اسپتال کے سامنے مکرانی پاڑہ اور ایدھی اسپتال کے اندر و باہر پانی جمع ہے۔ ٹنڈو یوسف میں قبرستان کی بے حرمتی ہورہی ہے، گندا پانی قبروں میں داخل ہوچکا ہے، کوئی پرساحال نہیں ہے۔ بلدیہ کی جانب سے صاف ستھرے علاقوں میں صفائی کا نمائشی کام ہورہا ہے جبکہ متاثرہ علاقوں میں تاحال نظام زندگی مفلوج ہے۔ ان حالات منتخب نمائندے منظر سے غائب ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی جانب سے حیدر آباد کے تعلقہ سٹی اور لطیف آباد کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے۔