رواں تعلیمی سال 6 ماہ کا اور 50 فیصد نصاب پڑھایا جائیگا‘ سعید غنی

158

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ رواں تعلیمی سال 6 ماہ کا اور50 فیصد نصاب پڑھایاجائے گا‘15 ستمبر سے تعلیمی اداروں کو مرحلے وار کھولا جا رہا ہے‘ اسکولوںکی مانیٹرنگ کے لیے ضلعی اور صوبائی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دے دیں‘ کمشنرز کو بھی آن بورڈ لیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعے کو محکمہ تعلیم کے اعلیٰ سطحی اجلاس اور بعد ازاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ 15 ستمبر سے مرحلے وار صوبے بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو کھولا جا رہا ہے، جس کے تحت پہلے فیز میں کلاس نویں سے جامعات تک، دوسرے مرحلے میں 22 ستمبر سے کلاس 6 سے 8 تک جبکہ 28 ستمبر سے پری پرائمری اور پرائمری کلاسوں کو کھولا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے کیسوں میں کمی ضرور ہوئی ہے لیکن یہ مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے اور خدانخواستہ یہ دوبارہ بڑھ بھی سکتے ہیں ‘ ان خدشات کے پیش نظر ہمیں غیر ضروری طور پر احتیاطی تدابیر کو اپنانا ہوگا‘ اس سال تعلیمی سال 15 ستمبر سے 15 اپریل 2021 تک ہوگا اور اس دوران تمام کلاسز کے نصاب میں کمی کردی گئی ہے جبکہ کلاس 4 سے 8 تک کے سالانہ امتحانات 12 اپریل سے، کلاس پہلی تا 3 تک کے امتحانات اور ان کو اگلی کلاسوں میں ترقی کا عمل 19 اپریل 2021 تک مکمل ہوگا‘ نویں اور دسویں کے سالانہ امتحانات 7 سے 17 اپریل 2021 تک اور کلاس 11 اور 12 ویں کے امتحانات 18 مئی سے 29 مئی 2021 تک منعقد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کی تعلیمی پالیسی کے تحت ہفتے کے روز کی تعطیل اور موسم سرما کی تعطیلات کو ختم کردیا گیا ہے جبکہ آئندہ سال موسم گرما کی تعطیلات صرف ایک ماہ جولائی میں ہوں گی‘ اس سال تعلیمی سال 15 ستمبر سے 15 اپریل تک رہے گا جبکہ آئندہ تعلیمی سال 3 مئی 2021 سے شروع ہوگا ۔