صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل کی گورنر ہاؤس میں ملاقات

972

کراچی (اسٹاف رپورٹر)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔ملاقات میں بارشوں کے باعث صوبہ کے مختلف اضلاع کی صورتحال،امدادی کاموں کی ضرورت،صوبہ کے ترقیاتی منصوبوں،کراچی ٹرانسفارمیشن پلان اور باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں نے صوبہ کے مختلف علاقوں کے انفرااسٹرکچر، معاشی، اقتصادی، سماجی اور کاروباری سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے۔

حکومت عوام کی مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی شہ رگ کراچی کی ترقی کے لئے وزیراعظم پاکستان کا کراچی پیکج ماضی کے برعکس اہم ثابت ہوگا یہ شہر کی حالت زار کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی سنجیدہ کوشش ہے اس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کراچی کو عالمی ترقی یافتہ شہر بنانے میں بھرپور دلچسپی رکھتے ہیں۔

گورنرسندھ نے صدر مملکت کو بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ کراچی اور شہر کی ترقی کے لئے پیکج سے عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی ترقی کے لئے اس سے قبل اتنی سنجیدہ کوششیں نہیں دیکھیں جو اس بات کا اظہار ہے کہ موجودہ حکومت شہر کی استعداد کار اور معیشت میں اس کے کردار کی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہے،کراچی پیکج سے شہر کے دیرینہ مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔ؑؑؒعلاوہ ازیں ؓؑصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے کاروباری برادری کے وفد نے گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقع پر گورنرسندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔ ملاقات میں حالیہ بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال، کراچی پیکج، کاروباری برادری کو درپیش مشکلات کو دور کرنے سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی کی کاروباری برادری ملکی معیشت میں کلیدی کردار ادا کررہی ہے، کاروباری طبقہ کو درپیش مشکلات کے خاتمہ کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،حکومت کاروباری طبقے کے تعاون سے معاشی ترقی کے وژن کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارش سے درپیش مشکلات اور شہر کے دیگر مسائل کے حل کے لئے کراچی پیکج اہم ثابت ہوگا، شہر میں جدید سہولیات کی فراہمی، میگا پروجیکٹس کی تکمیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، ترقی کے لئے وفاق بھرپور تعاون جاری رکھے گا،وزیراعظم کی اسمارٹ لاک ڈاؤن پالیسی سے کورونا میں کمی میں مدد ملی،پوری دنیا میں کورونا وبا کے تدارک کیلئے کئے گئے پاکستان کے اقدامات کی تعریف کی جارہی ہے۔

گورنرسندھ نے کہا کہ کراچی کی ترقی کے لئے سنجیدہ کوششیں کر رہے ہیں، حکومت کاروباری برادری کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے، کراچی کی صورتحال میں بہتری سے کاروباری سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صنعتی علاقوں کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

کراچی پیکج میں شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ ملاقات میں وفد نے امید ظاہر کی کہ حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی، انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے خلوص سے انکار نہیں،ہم ان سے پر امید ہے،صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر، پانی، گیس اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔