فضائیہ دشمن کو عبرتناک شکست دوچار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ،ائر چیف

488
اسلام آباد، ائر چیف مارشل مجاہد انور خان یوم شہداء پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے ہیں

اسلام آباد (اے پی پی) ملک بھر میں پاک فضائیہ نے اپنے تمام ائر بیسز اور تنصیبات پر 7 ستمبر یوم شہداء کے طور پر منایا۔ دن کا آغاز1965ء اور 1971ء کی جنگوں کے شہداء اور ان تمام افراد کے لیے خصوصی دعائوں اور قرآن خوانی سے کیا گیا، جنہوں نے پاکستان کے معرض وجود میں آنے سے لے کر اب تک مادرِ وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔اسی سلسلے کی مرکزی تقریب ائر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں منعقدکی گئی۔ سربراہ پاک فضائیہ ائر چیف مارشل مجاہد انور خان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائر چیف نے کہا کہ7 ستمبرکے یادگار اور تاریخی دن کے موقع پر میں پاک فضائیہ کے ان تمام ہیروزکو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جودشمن کی جارحیت کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئے اور اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ آج ہم اپنے شہداء اور غازیوں کے عزم،ہمت اور جذبہ قربانی کو سلام پیشکرتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ ہم اپنے پاک وطن پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ، پاکستان کی بہادر مسلح افواج اپنی سرحدوں اور عوام کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہیں اور دشمن کو عبرت ناک شکست سے دو چار کرنے کی بھر پور اہلیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وطن کا دفاع، اس کی مضبوطی وسَربلندی اور اسکی تعمیر وترقی ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے تاکہ ہمارا پاکستان ہر محاذ پر مزید کامیاب ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم اُن کشمیری بھائیوں اور بہنوں سے بھی اظہارِیکجہتی کرتے ہیںجو سات دہائیوں سے ظلم اورتَسلط کے خلاف جِدّوجُہد کر رہے ہیں۔قبل ازیں ائر چیف نے شہداء کی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ اس دن کی مناسبت سے پا ک فضائیہ کے ایک دستے نے ائر چیف مارشل مجاہد انور خان کی جانب سے پائلٹ آفیسرراشد منہاس شہید (نشانِ حیدر) کی قبر پر فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ بعد ازاں ملک بھر میںپاک فضائیہ کے شہداء کی قبروں پر بھی پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں۔