مہمند میں ماربل کی کان بیٹھ گئی، 8 مزدور جاں بحق، مزید اموات کا خدشہ

1160

مہمند: خیبرپختونخوا کے ضلع مہمند میں مٹی کا تودہ گرنے سے ماربلز کی کان بیٹھ گئی جس کے باعث 8 مزدور دب کر جاں بحق ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق حبیب نے بتایا کہ کان بیٹھنے کا واقعہ تحصیل صافی میں پیش آیا جہاں متعدد افراد ملبے تلے دب گئے، انہوں نے بتایا کہ ملبے سے 8 مزدوروں کی لاشیں اور 6 کو زخمی حالت میں نکالا گیا ہے، جنہیں قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر افتخار عالم کا کہنا ہے کہ حادثے میں مزید اموات کا خدشہ ہے اور صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سے امدادی کارروائیوں کےلیے ہیوی مشینری طلب کرلی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق پشاور اور چارسدہ سے ریسکیو کے اضافی اہلکار ضلع مہمند پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ سرچ اینڈ ریسکیو آلات کے ساتھ ہیوی مشینری اور ایمبولینسز کی مدد سے آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

حکام نے بتایا کہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم اندھیرے کے باعث ریسکیو آپریشن میں  مشکلات کا سامنا ہے،ہیوی سرچ لائٹس کی مدد سے آپریشن کیا جارہاہے۔