کراچی: گجر نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن، عوام کا پھر سے احتجاج

963

کراچی میں برساتی نالوں پر قائم کمرشل اور رہائشی تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران مارکنگ کرنے پر عوام سراپا احتجاج ہوگئے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق گجر نالے پر تجاوزات کے خلاف آپریشن آج چوتھے روز میں داخل ہوگیا ہے، نالے کے اطراف کی آبادی ایک بار پھر سڑکوں پر نکل آئی۔

انتظامیہ کی جانب سے نالے پر 105 فٹ کٹنگ کی مارکنگ کرنے پر عوام مشتعل ہوگئے۔ کیفے پیالہ ہوٹل کے قریب عوام کا احتجاجی مظاہرہ کیا۔

بعد ازاں ڈپٹی کمشنر کیفے پیالہ پہنچے اور مظاہرین سے مذاکرات کرنے کی کوشش کی۔ اسسٹنٹ کمشنر کی یقین دہانی کے بعد مشتعل افراد نے مظاہرہ ختم کردیا۔

گجرنالے کے اطراف قائم شیڈز، پتھارے اور باڑے ختم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) شہر قائد میں گجر نالے کے اطراف تجاوزات ہٹانے کا آپریشن تیسرے روز بھی جا ری رہا۔ تفصیلات کے مطابق گجرنالے کے اطراف قائم شیڈز، پتھارے اور باڑے ختم کردیے گئے۔

اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد ارسلان سلیم کا کہنا ہے کہ چھوٹی موٹی تجاوزات ہٹانے کا کام مکمل کرلیا گیا ہے اور اب رہائشی مکانات اور کاروباری جگہوں کا سروے کیا جا رہا ہے‘ اس بات کا اندازہ لگانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ گجر نالے پر تعمیر عمارتوں کو گرانے سے کتنے لوگ متاثر ہوں گے اور ان کو دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے کتنی زمین درکار ہوگی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آپریشن کے خلاف احتجاج کیا گیا تھا لیکن تیسرے روز انتظامیہ نے لوگوں کو یقین دلایا ہے کہ جب تک متبادل جگہ کا انتظام نہیں ہوتا مکانات نہیں گرائے جائیں گے۔ یاد رہے کہ اس نالے کے گرد 23 ہزار کے قریب مکانات تعمیر ہیں۔ 16 کلومیٹر طویلگجر نالے کی صفائی کا آپریشن 3 مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔

دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے گجر نالے کے اطراف قائم تجاوزات کے خلاف فوری آپریشن روکنے کی استدعا مسترد کردی ہے اور درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق دلائل طلب کرلیے ہیں۔

درخواست گزار نے کہا کہ میں طیبہ آباد گلبرگ ٹاؤن میں 50 سال سے رہائش پذیر ہوں‘ گھر قانونی طور پر کے ایم سی سے لیزکرایا ہے‘ 3 دن پہلے آپریشن شروع کیا گیا ‘ استدعا ہے کہ کے ایم سی کو لیز گھر توڑنے سے روکا جائے۔