کراچی کیلیے 1100 ارب کا پیکج، لیکن منصوبے 3 سال میں مکمل ہونگے

557

کراچی(اسٹاف رپورٹر): وزیراعظم عمران خان نے ٹرانسفارمیشن پلان (بجالی پیکیج) کے تحت کراچی کیلیے  1100 ارب روپے پیکج کا اعلان کردیا، البتہ منصوبے کا پہلا مرحلہ 1 سال میں جبکہ دیگر  منصوبے 3 سال میں مکمل کیے جائیں گے۔

وزیراعظم کی جانب سے ماس ٹرانزٹ سسٹم کے تحت 6 منصوبوں پر فوری کام کرنے کا اعلان کیا گیا، جس میں پینے کا پانی ،نالوں کی صفائی، بے گھر افراد کی آبادی کاری، سرکلر ریلوے ،گرین لائن ،اور ٹرانسپورٹ کے منصوبے شامل ہیں۔

اس سے قبل وزیراعظم نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں بارشوں سے تباہی مچ گئی،بارشوں سے پہلے کورونا کا چیلنج تھا۔ کراچی میں عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، کراچی کے مسائل کے مستقل حل کےلیے کوشاں ہیں، آج تاریخی دن ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی میں نالے ،نکاسی آب ،بےگھرافراد اور سولڈ ویسٹ کے مسائل ہیں۔ کراچی کی سڑکیں اور دیگر انفراسٹریکچر کا مسئلہ حل کرنا ضروری ہے۔کراچی کے لوگوں نے مشکل وقت کا سامنا کیا۔

عمران خان نے کہا کہ کراچی کے مسائل کے حل کیلیے ملکر کام کریں گےجس طرھ کورونا وبا کے دوران کیا ،کراچی والوں کے لیے پینے کا پانی ، ٹرانسپورٹ کےساتھ سڑکوں کابھی مسئلہ ہےجسے وفاق اور صوبائی حکومت مل کر حل کریں گی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے وزیراعظم کو اندرون سندھ سیلاب کی تباہ کاریوں سےمتعلق آگاہ کیا۔