حیدرآباد ،بجلی کی عدم فراہمی پر لطیف آباد کے مکینوں کا احتجاج

174

حیدر آباد(اسٹاف رپورٹر) ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث 11 روز سے بجلی کی عدم فراہمی کیخلاف لطیف آباد نمبر پونے سات کے تاجروں اور رہائشی افراد نے شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حیسکو لطیف آباد رضوی اسپتال سب ڈویژن کے ایس ڈی او کی من مانی جاری، لطیف آباد پونے سات نمبر پر ٹرانسفارمر 11 روز سے جلنے کے بعد علاقے کی بجلی مکمل بند، تاجر سمیت رہائشی افراد شدید اذیت کا شکار۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ 11 روز قبل ہمارا ٹرانسفارمر جل گیا تھا، جس کی شکایت مسلسل ایس ڈی او کو کی جارہی ہیں لیکن ایس ڈی او اپنے عملے کے ذریعے مبینہ طور پر ٹرانسفارمر بنوانے کے 80 ہزار روپے مانگ رہے ہیں، نہ دینے پر ہم 11 روز سے شدید گرمی میں اندھیرے میں بیٹھے ہیں، منتخب نمائندے بھی ہماری مدد کو نہیں آرہے۔ علاقہ مکینوں اور تاجروں نے وفاقی وزیر پانی و بجلی، کمشنر حیدر آباد، ڈپٹی کمشنر حیدر آباد سمیت حیسکو چیف سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ڈی او کو برطرف کرنے کا مطالبہ کیا ہے کہ فوری ٹرانسفارمر مرمت کرکے لگوایا جائے۔