انٹر سٹی بس ٹرمینل‘ گیٹ انٹری فیس کیلیے لائسنس کی نیلامی منسوخ

288

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بلدیہ عظمیٰ کراچی نے انٹر سٹی بس ٹرمینل یوسف گوٹھ بلدیہ ٹائون میں گیٹ انٹری فیس برائے 2020-2021ء جمع کرنے کے لیے لائسنس کی نیلامی کا عمل حکومت سندھ کے احکامات کی روشنی میں منسوخ کردیا ہے، واضح رہے کہ انٹر سٹی بس ٹرمینل یوسف گوٹھ بلدیہ ٹائون میں گیٹ انٹری فیس برائے سال 2020-2021ء جمع کرنے کے لیے لائسنس کی نیلامی 10 اگست 2020ء کو کے ایم سی صدر دفتر میں منعقد ہوئی تھی جس میں 7بولی دہندگان نے پیشکش جمع کرائی تھیں اور سب سے بڑی بولی 12,700,000/= روپے قرار پائی تھی۔ نیلامی کے موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر ٹرمینل کے ایم سی اور محکمہ قانون، فنانس اور دیگر محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے اور نیلامی کے لیے فنانس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے 8,117,643 روپے کی محفوظ رقم طے کی گئی تھی جس کے مقابل سب سے بڑی بولی 12,700,000/= روپے آئی جسے منظوری کے لیے مجاز اتھارٹی کو ارسال کیا گیا تھا تاہم اس حوالے سے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ حکومت سندھ کے احکامات کے مطابق انٹر سٹی بس ٹرمینل یوسف گوٹھ بلدیہ ٹائون میں گیٹ انٹری فیس جمع کرنے کے لائسنس کی نیلامی کے عمل پر عملدرآمد کو روک دیا گیا ہے اور یہ نیلامی منسوخ سمجھی جائے گی۔