رینجرز کی کراچی میں کارروائیاں، 5 انتہائی مطلوب ملزمان گرفتار

372

کراچی میں سندھ رینجرز نے انٹیلی جنس معلومات پر لیاقت آباد اور بھینس کالونی میں کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کارروائیاں لیاقت آباد اور بھینس کالونی کے علاقوں میں کی گئیں۔ کارروائی کے دوران متعدد وارداتوں میں ملوث انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کے پانچ ملزمان گرفتار کیے گئے۔

سندھ رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان میں جمیل احمد، سلمان، شاہ نواز، محمد شان اور ساجد علی شامل ہیں۔ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان اسٹریٹ کرائم، گھروں اور دکانوں میں ڈکیتیوں کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں، ملزمان بینک یا منی ایکس چینجز سے رقم نکلوانے والے افراد سے بھی لوٹ مار کرتے تھے۔

ملزمان کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہوانے والا اسلحہ برآمد ہوا ہے جس میں ایمونیشن، موٹرسائیکل، زیورات، نقدی، موبائل فون اور مسروقہ سامان شامل ہے۔

رینجرز کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔