پی سی بی نے ڈومیسٹک سیزن 2021-2020 کا شیڈول جاری کردیا

734

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے 208 میچوں پر مشتمل ڈومیسٹک سیزن 2021-2020 کا شیڈول جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق   پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ سال کی نسبت حالیہ سیزن میں پی سی بی نے فرسٹ الیون ٹیموں کے مابین کھیلا جانے والا قومی ٹی 20 کپ اور پاکستان کپ کے میچوں کو ڈبل لیگ کی بنیاد پر کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔اسی طرح قومی انڈر 19 ون ڈے  کرکٹ ٹورنامنٹ بھی ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جائے گا۔اس بنیاد پر ہر ٹورنامنٹ میں تمام 6ٹیموں کو 10 لیگ  میچوں میں شرکت کا موقع ملےگا، جس کے بعد 4 بہترین ٹیموں کے درمیان سیمی فائنلز ہوں گے۔ ایونٹ کی 2 بہترین ٹیمیں فائنل میں مدمقابل آئیں گی۔جونیئر ٹورنامنٹ میں سیمی فائنلز کی بجائے  ایونٹ کی ٹاپ 2 ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔

رواں سال ڈومیسٹک کرکٹ سیزن کا آغاز 30 ستمبر سے شروع ہونے والے قومی ٹی 20 کپ سے ہوگا۔کورونا کے سبب غیرمعمولی حالات میں شیڈول ایونٹ کا پہلا مرحلہ ملتان اور دوسرا  راولپنڈی میں کھیلا جائے گا، قومی انڈر 19 ایک روزہ ٹورنامنٹ کے میچز 13 اکتوبر سے 2 نومبر تک لاہور، مریدکے اور شیخوپورہ میں کھیلے جائیں گے۔

قومی ٹی 20 کپ اور قومی انڈر19 ایک روزہ کرکٹ ٹورنامنٹ کوستمبر، اکتوبر میں منعقدکروانے کی بڑی وجہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کی نومبر میں شیڈول ڈرافٹنگ کے لیے تمام فرنچائز مالکان کی توجہ ان ابھرتے ہوئے نوجوان اور باصلاحیت کرکٹرز کی طرف مرکوز کرنا ہے۔

سیزن  کا اختتام پاکستان کپ ون ڈے ٹورنامنٹ سے ہوگا، یہ ایونٹ 8 سے 31 جنوری تک کھیلا جائے گا۔ جس کے بعد فروری، مارچ میں شیڈول ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2021 کے مقابلوں کی تیاری کا آغاز ہوجائے گا۔

کورونا وائرس کے باعث قائداعظم ٹرافی کے دوران تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کی نقل و حرکت محدود ہوگی، جس کے  سبب ایونٹ کے  تمام میچز کراچی میں کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ کے ماتھے کا جھومر، قائداعظم ٹرافی، کےرواں سال  تمام میچز کراچی میں کھیلے جائیں گے۔ ایونٹ کے نان فرسٹ کلاس میچز 18 اکتوبر سے 13 دسمبر تک کھیلے جائیں گے جبکہ فرسٹ کلاس میچز 25 اکتوبر سےپانچ جنوری  تک کھیلے جائیں گے۔

قائداعظم ٹرافی اور پاکستان کپ کے وینیو کے لیے کراچی کا انتخاب ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال کو پیش نظر رکھ کر کیا گیا ہے۔ ان دنوں  میں ملک کے دیگر شہروں کو عمومی طور پر دھند، اوس اور دیگر حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

یاد رہے کہ انڈر13، انڈر16اور  ویمنز ٹورنامنٹ سمیت ایچ بی ایل پی ایس ایل 2021 ، زمباوے اور جنوبی افریقہ کی سیریز کے  میچوں کے  شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم  خان کا کہنا ہےکہ کوویڈ19 کی اس غیریقینی صورتحال میں ڈومیسٹک سیزن 21-2020 کی تیاری ایک مشکل اور چیلنج سے بھرپور مرحلہ تھا تاہم ہم نے  کھلاڑیوں اورکھیل کے معیار کو اعلیٰ مقام پر پہنچانے کی غرض سے اس شیڈول کو تیار کیا۔

ندیم خان نے کہا کہ ڈومیسٹک میچوں کی تعداد میں اضافے سے تمام کھلاڑیوں کو اس نئے ڈومیسٹک نظام کے تحت نہ صرف اپنی صلاحیتیں دکھانے کے برابر مواقع ملیں گے بلکہ زیادہ کرکٹ سے ان کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا۔

انھوں نے مزید کہا کہ گزشتہ چند ہفتوں سے ہائی پرفارمنس اور ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز نے شیڈول اور ٹیموں کی تیاری کے علاوہ کوچز کی تقرری اور کھیل کی مرحلہ وار واپسی سمیت دیگر اہم امور کی تشکیل کے دوران مسلسل کام کیاجو قابل ستائش ہے ۔