ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی میں الوداعی تقریب کا انعقاد

220

میرواہ گورچانی (نمائندہ جسارت) ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد و دفتر کا افتتاح، چار سالہ دورِ میں ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے، میرواہ گورچانی شہر کو سندھ کا ماڈل سٹی بنا دیا، انجینئر احسان الحق آرائیں، بلدیاتی نظام کے چار سال مکمل ہونے پر ٹاؤن کمیٹی میرواہ گورچانی میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین انجینئر احسان الحق آرائیں، وائس چیئرمین حاجی علی احمد گورچانی، کونسلرز معراج خالد راجپوت، راؤ ضیاء القاسمی، چودھری منیر احمد آرائیں، عارف یوسف جٹ، چودھری نذیر احمد آرائیں، کھیمچند بھیل، منصور گورچانی، انجمن تاجران میرواہ گورچانی کے صدر حاجی خلیل احمد آرائیں، عرفان ظفریاب، ایڈووکیٹ رائے ہرچند، شجاع آباد پریس کلب میرواہ گورچانی کے صدر محمد اسماعیل خلجی، ملک مشتاق احمد، عبدالوحید عباسی سمیت معززین اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حق پرست کونسلر راؤ ضیاء القاسمی نے کہا کہ ہم نے مل جل کر شہر میں ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام مکمل کیا، کچھ علاقوں میں کام نہ ہوسکا، جس کے لیے معذرت خواہ ہوں۔ جیالے کونسلر چودھری منیر احمد آرائیں نے کہا کہ چار سالہ دور میں میری مسلسل مخالفت کی گئی اور میرے حلقے میں بتائے ہوئے کوئی بھی کام نہیں کیے گئے۔ عارف یوسف جٹ نے کہا کہ ہم چیئرمین اور وائس چیئرمین کے شکر گزار ہیں جن کی قیادت میں ٹاؤن کمیٹی میں سب سے زیادہ کام کروائے گئے۔ کھمچند بھیل نے چیئرمین اور وائس چیئرمین کو چار سالہ دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروانے پر مبارکباد دی۔ وائس چیئرمین حاجی علی احمد گورچانی نے کہا کہ چار سالہ دور میں مخالفین کی شدید مخالفت کے باوجود ہم نے شہر کے بہتری کے لیے لیے ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے اور آنے والے دور میں بھی شہر کی فلاح و بہبود کے لیے خدمت کا عزم کرتے ہیں۔