اے وی ایل سی نے رہزنی میں ملوث پولیس اہلکارکوپکڑلیا

150

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )ڈکیتی اور رہزنی میں ملوث پولیس اہلکارکو پکڑلیا گیاجبکہ فیروز آباد تھانے کے رشوت خور تفتیشی افسر کوویڈیو منظر عام آنے پر نوکری سے برطرف کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کراچی(اے وی ایل سی)کی ٹیم نے اسٹیل ٹاؤن میں کارروائی کرکے ایک پولیس اہلکار کو گرفتار کرلیا ہے۔اس حوالے سے ایس ایس پی اے وی ایل سی نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار اہلکار درجنوں موٹرسائیکلوں کی چوری میں ملوث ہے، ملزم ڈسٹرکٹ ٹھٹھہ میں تعینات تھا، گرفتار پولیس اہلکار کے قبضے سے چوری کی موٹر سائیکل اور ایک گاڑی بھی برآمدہوئی ہے۔پولیس اہلکار سے مزید تفتیش جاری ہے۔دوسری جانب کراچی کے علاقے فیروز آباد تھانے کے تفتیشی افسر کی رشوت لینے کی وڈیو منظر عام پر آگئی، مذکورہ پولیس افسر نے شہری کو جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکیاں دے کر رشوت لی۔متاثرہ شہری نے بتایاکہ انسپکٹر غلام شبیر نے ایس ایس پی کے نام پر ڈرا کر مجھ سے لاکھوں روپے بٹور لیے، بعد ازاں ویڈیو منظر عام پر آنے پر پولیس اہلکار نوکری سے برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔