وفاق اور صوبوں کے درمیان تنازعات کے حل کا اختیار ہے، چیف جسٹس

479

اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کو وفاق اور صوبوں کے درمیان تنازعات کے حل کا اختیار ہے۔

اسلام آباد میں این ڈی یو کے زیر تربیت افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین کا آرٹیکل 175 عدالتی نظام کا احاطہ کرتا ہے، عدلیہ ریاست کا اہم ستون ہے، پاکستان میں عدالتی نظام کے ارتقا کی اپنی تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے تحت سپریم کورٹ اور ماتحت عدلیہ کے اختیارات واضح ہیں، سپریم کورٹ کو وفاق اور صوبوں کے درمیان تنازعات کے حل کا بھی اختیارہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ کو بنیادی حقوق کی عملداری کی آئینی درخواستوں کی سماعت کا بھی اختیار ہے، اور اپنے فیصلوں پر عملدرآمد کا اختیار بھی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند عرصے سے وفاقی حکومت اور سندھ سرکار کراچی کے حوالے سے اختیارات کے معاملے پر ایک دوسرے کے آمنے سامنے ہیں، اس تناظر میں چیف جسٹس کے اس بیان کو اہم سمجھا جارہا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان خود بھی سندھ حکومت کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کرچکے ہیں۔