کراچی کی صورتحال پر الزام تراشیوں سے کام نہیں چلے گا‘عقیل ڈھیڈی

223

کراچی (نمائندہ جسارت) ممتاز تاجر و صنعتکار اے کے ڈی گروپ آ ف کمپنیز کے چیئرمین عقیل کریم ڈھیڈی نے حالیہ بارشوں
میں کراچی کی تباہی پر ہونے والی بیان بازیوں پر گہرے رنج و دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کو الزام نہیں کام بچائے گاـ،سیاستدان الزام تراشیوں کا جو کھیل جاری رکھے ہوئے ہیں وہ بھی مناسب نہیں،حالیہ بارش قدرتی آ فت ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ حالیہ بارش میٹرو پولیٹن شہر کی تاریخ میں پہلی بار ہوئی ہے جس کا اندازہ لگانا کسی کے لیے ممکن نہیں تھا،ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی میں بارش کی تباہ کاری کا الزام ڈی ایچ اے پر ڈال دیناحکمران جماعت کے ارکان پارلیمنٹ آ فتاب صدیقی اور شہزاد کے شایان نہیں۔عقیل کریم ڈھیڈی کا کہنا ہے کہ ڈیفنس کے رہائشی اچھی طرح سے جانتے ہیں کہ اس ادارے کی کارکردگی مثالی ہے، ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کراچی کا محفوظ ترین ادارہ ہے، تجاوزات اور قبضہ مافیا کے حوالے سے ڈی ایچ اے میں ہر فرد کی جائداد محفوظ ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ وقت باہمی ا ختلاف کا نہیں بلکہ مل جل کر اور متحد ہو کر اس قدرتی آ فت سے نمٹنے اور مسائل حل کرنے کا ہے۔