شکارپور، تاجر سے مسلح افراد ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر فرار

128

شکارپور (نمائندہ جسارت) دن داڑے کھاد کے تاجر دلیپ کمار سے نامعلوم مسلح افراد ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگئے۔ تھانہ اسٹورٹ گنج کی حدود بھوگڑی بازار میں کھاد کے تاجر دلیپ کمار کو 5 نامعلوم مسلح افراد دکان میں گھس کر یرغمال بناکر ڈھائی لاکھ روپے لوٹ کر آسانی سے فرار ہوگئے۔ دکاندار دلیپ کمار نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دکان پر بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک دو موٹر سائیکلوں پر سوار پانچ مسلح افراد دکان میں گھس کر یرغمال بناکر دکان میں موجود ڈھائی لاکھ روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واضح رہے کہ چار سال قبل بھی دلیپ کمار کے گودام سے نامعلوم مسلح افراد نے چھے لاکھ روپے لوٹے تھے، جس کی آدھی رقم تین لاکھ روپے پولیس نے ادا کی۔ ایک سوال کے جواب میں دلیپ کمار نے کہا کہ بارشوں کی وجہ سے سی سی ٹی وی کیمرہ خراب ہوا تھا، اس کو بنوارہا رہا تھا کہ یہ واقع پیش آیا۔ ایس ایس پی کامران نواز پنجھوتا نے لوٹ مار کا نوٹس لیتے ہوئے پی آر او احسان میرانی کو جائے واردات پر بھیجا۔ احسان میرانی نے کہا کہ ڈکیتی کرنے والے جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ دوسری جانب چیمبر آف کامرس کے صدر سمیع اللہ شیخ و دیگر ممبران نے دلیپ کمار سے دکان پر آکر ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا اور ٹوکن ہڑتال کرتے ہوئے کہا کہ تین دن تک لوٹی ہوئی رقم واپس نہیں ملی تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔