حیدرآباد ،بجلی بندش کے ستائے شہری بپھر گئے،احتجاج،شاہراہیں بند

106

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) حیسکو کی جانب سے بجلی کی عدم فراہمی ، متعدد علاقوں میں ٹرانسفارمرز کی خراب اور کئی روز سے بجلی کی عدم فراہمی کے خلاف شہری بپھر گئے ، احتجاجی مظاہرے، ٹائر نذر آتش، اہم شاہراہیں بند کردیں۔ پکا قلعہ میں کئی روز سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کے خلاف علاقہ مکینوں نے پکا قلعہ چوک پر احتجاج کرتے ہوئے ٹائروں کو نذر آتش کردیا اور حیسکو کے خلاف نعرے بازی کی جبکہ شاہی بازار میں 3روز سے ٹرانسفارمر خراب ہونے کے باعث بجلی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اورٹائر نذر آتش کرتے ہوئے راستہ
بند کردیا ان کا کہنا تھا کہ معصوم بچے شدید گرمی میں بلبلا رہے ہیں جبکہ حیسکو کا عملہ کوئی بات سننے کو تیار نہیں ہے یوسی44پنجرہ پول کے علاقے میں 4روز سے بجلی کی عدم فراہمی اور کچا قلعہ کے علاقے میں 12روز سے بجلی کے تعطل کے خلاف علاقہ مکینوں نے احتجاج کرتے ہوئے حیسکو کے خلاف نعرے بازی اور ٹائروں کو نذر آتش کرتے ہوئے اہم بازار اور چوک بلاک کردیا شہر کے دوسرے علاقوں میں بھی بجلی کا تعطل مسلسل جاری ہے ۔یونٹ نمبر7لطیف آباد میں وولٹیج کی کمی وزیادتی کے باعث علاقہ مکین لاکھوں روپے مالیت کی اشیاء سے محروم ہوگئے انہوںنے سخت احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ حیسکو کے پاس نااہل عملہ ہے جسے لوڈ کا پتا ہے نہ ہی ٹرانسفارمر کی گنجائش کا جس کے باعث آئے روز علاقے میں وولٹیج کی کمی اور زیادتی کا مسئلہ رہتا ہے۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حیسکو سے اس کا ازالہ کرایاجائے جبکہ لطیف آباد یونٹ نمبر5میں جمعہ کے روز دوپہر 3 بجے سے بجلی کی فراہمی بند ہے جو کہ 22گھنٹے بعد بحال ہوئی جبکہ یہاں معمولی خرابی تھی حیسکو کی نااہلی نے شہریوں کی زندگی عذاب بنادی ہے ۔اوڈین سینما کے قریب 6روز سے ٹرانسفارمر جل جانے پر علاقہ مکین خواتین و بچوں سمیت سڑکوں پر نکل گئے حیسکو اور حیدرآباد انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین کا کہناتھا کہ ٹرانسفارمر جل جانے سے ہمیں شدید پریشانی کا سامنا ہے اس لیے مجبوراً ہمیں خواتین بچوں سمیت سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنا پڑا۔