یو اے ای کے سفیر کی پنجاب کے گورنر و وزیر اعلی سے ملاقاتیں

523

لاہور: متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی نے پنجاب کے گورنر چوہدری سرور اور وزیر اعلی ٰ عثمان بزدار سےالگ الگ  ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور ،دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں ہاؤسنگ ،صنعت اور تجارتی کاروباری سیکٹرز میں باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

گور نرپنجاب نے معاشی اوراقتصادی شعبے میں یو اے ای کے تعاون کو سراہاتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں ہاؤسنگ سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔

یو اے ای کے سفیر نے کہاکہ ہم ہمیشہ سے پاکستان کو اپنا گھر سمجھتے ہیں اسکی مضبوطی چاہتے ہیں، دونوں ممالک کی قیادت ایک دوسرے کیساتھ مکمل تعاون کر رہی ہے ، پاکستان اور عرب امارات کے دوستانہ تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب  نے کہاکہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بہترین دوستانہ تعلقات ہیں،تعلیم، صحت اور دیگر شعبوں کی بہتری کے لیے متحدہ عرب امارات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں،کورونا کا پھیلاؤروکنے کے لیے ہماری حکومت کے موثر اقدامات بار آور ثابت ہوئے ہیں،محرم الحرام کے بعد تعلیمی اداروں کو کھولنے کے اقدامات کررہے ہیں۔

عثمان بزدار نے کہاکہ رحیم یار خان میں شیخ زید اسپتال ٹو شروع کرنے کا منصوبہ بنایا ہے،لاہور کے قریب راوی کنارے نیاشہر بسائیں گے،نئے شہر سے لاہور میں آلودگی اور زیر زمین پانی کی کم ہوتی سطح کا مسئلہ حل ہوگا۔

عثمان بزدار نے عرب امارات کے سرمایہ کاروں کوپاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہاکہ ملک کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب میں 13اسپیشل اکنامک زون بنارہے ہیں،جس میں سرمایہ کاری پر خصوصی سہولیتیں دی جائیں گی،دو اسپیشل اکنامک زونز پر کام شروع ہے،بہاولپور میں تیسرے اسپیشل اکنامک زون کا جلد سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

متحدہ عرب امارات کے سفیر نے انسداد کورونا کے لیے موثر حکمت عملی پر عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہاتے ہوئے کہاکہ پنجاب حکومت نے کورونا وائرس کی وباکے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بہترین پالیسی کے تحت کام کیاہے۔