حکمرانوں کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت سے کراچی تباہ ہوگیا،حافظ نعیم

336
الخدمت کراچی کے تحت شہر قائد کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں، کھانے کی تقسیم اور پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کیا جارہا ہے

کراچی(اسٹاف رپورٹر) الخدمت کراچی کے شعبہ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تحت شہر قائد کے مختلف علاقوں میں امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔ متاثرین بار ش کی مدد کے لیے الخدمت رضاکارمسلسل متحرک ہیں ،بدھ کو بھی متعدد علاقوں میں سیکڑوں متاثرین تک کھانا اورپینے کا پانی پہنچایا گیا جبکہ بارش کے پانی میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو بھی کیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق شاہ لطیف ٹاؤن ،سرجانی ٹاؤن،یوسف گوٹھ ،قائد آباد،اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں سیکڑوں متاثرین کو پکا پکایاکھاناپہنچایا گیا۔قائد آباد میں بارش اور ملیر ندی میں طغیانی کے باعث کئی کئی فٹ پانی موجو د ہے۔جہاں الخدمت کے رضاکاروں نے برساتی پانی میں پھنسے لوگوں کو کشتی کے ذریعے ریسکیوکیااور بارش سے متاثرہ لوگوں کو گھروں تک کھانا پہنچایا۔ الخدمت کے رضاکاروں نے یوسف گوٹھ سرجانی میں بھی بارش کے پانی میں پھنسے ہوئے لوگوں کو ریسکیو کیا اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کیا اور انہیں بھی کھانا اورپینے کا پانی پہنچایا۔علاوہ ازیں ضلع شمالی کے تحت سہراب گوٹھ سے سرجانی ٹاؤن تک الخدمت کی گاڑیوں کو بارش میں پھنسے ہوئے لوگوں کے لیے بس سروس کے طور پر استعمال کیاگیا جس سے بڑی تعداد میں لوگوں نے استفادہ کیا ۔دریں اثنا امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ الخدمت نے مشکل کی ہرگھڑی اور پریشانی میں گھرے ہوئے لوگوں کی ہمیشہ آگے بڑھ کر مدد کی ہے ،حکومت میں نہ ہونے اور سرکاری اختیارات و وسائل نہ ہونے کے باوجود اپنے وسائل اور اہل خیر کے تعاون سے امدادی سرگرمیاں انجام دی ہیں ،حالیہ بارش کے دوران بھی الخدمت کے رضاکاروں نے متاثرین کو ریسکیو کرنے اور کھانے پینے کی اشیا کی فراہمی میں اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں عرصہ دراز سے حکمرانوں کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت کے باعث شہرکا پورا انفرااسٹرکچر تباہ ہوگیا ہے اور ہر بارش میں عوام کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،حالیہ مون سون کے سیزن نے حکمرانوں کے سارے دعوئوں اور کارکردگی کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے ،حالات کی سنگینی کی تمام تر ذمے داری موجودہ اور سابق حکومتوں پر عاید ہوتی ہے ،پیپلز پارٹی تو کئی برس سے حکومت کررہی ہے اور ایم کیو ایم اس کے ساتھ حکومت میں شریک رہی ہے ،بلدیہ بھی ایم کیو ایم کے پاس رہی ہے اور بدقسمتی سے پی ٹی آئی نے بھی 2سال کے دوران شہرکی تعمیر وترقی اور شہریوں کی حالت زار بہتر کرنے کے لیے کچھ نہیںکیا ہے اور ان حکمران پارٹیوں کے موجودہ رویے اور طرز عمل سے نہیں لگتا کہ صورتحال میں کوئی بہتری آئے گی کیونکہ یہ تینوں جماعتیں صرف زبانی جمع خرچ، پوائنٹ اسکورنگ اور الزام تراشیوں میں مصروف ہیں ۔ادھر چیف ایگز یکٹو الخدمت کراچی نے کہا ہے کہ شہر میں بارش کے باعث صورتحال خراب ہوئی ہے ۔سرجانی ،یوسف گوٹھ ،قائد آباد سمیت دیگر نشیبی علاقے بری طرح متا ثر ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کے رضاکار بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال میں شہربھر میں الرٹ ہیں اور ہر ممکنہ صورتحال میں شہریوں کی مدد کے لیے تیار ہیں۔انجینئر سلیم اظہر نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ رین ایمرجنسی مہم میں ساتھ دیں اورالخدمت کے ساتھ بوٹس،ریسکیو سروسز،،تیار کھانے،راشن اور شٹل سروس کی مدمیں تعاون کریں ۔