‘حماس آتش گیر گولے پھینکنے سے باز رہے، جواب دردناک ہوگا’

674

اسرائیلی وزیردفاع بینی گینٹز نے فلسطین کی مزاحمتی تحریک ‘حماس ‘ کو خبردار کیا ہے کہ ‘ غزہ کی سرحد سے آتش گیر گولے پھینکنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو ہمارا جواب دردناک ہوگا’۔

غیر ملکی میڈیا کےمطابق اسرائیلی وزیر دفاع اور متبادل وزیراعظم بینی گینٹز نے حماس کو دھمکی دی ہے کہ غزہ کی سرحد سے آتش گیر گولے پھینکنے کا سلسلہ بند نہ کیا تو ہمارا جواب دردناک ہوگا’، غزہ کی سرحد سے ہمارے اوپر آتش گیر غبارے پھینکے جا رہے ہیں اور ہمارے صبر کا پیمانی لبریز ہو رہا ہے، ہماری جوابی کارروائی حماس کے لیے درد ناک ہوگی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق  بینی گینٹز نے جنوبی اسرائیل کا دورہ کرتے ہوئے میڈیاسے گفتگو کے دوران کہا کہ حماس کی قیادت کو بہ خوبی علم ہے کہ ہمارے اوپر جو آتش گیر غبارے چھوڑے جا رہے ہیں وہ حماس کے لیے کتنے خطرناک ہو سکتے ہیں، ہمارے جوابی اقدامات حماس کے لیے بہت زیادہ المناک ہوں گے۔

بینی گینٹز نے کہا کہ غزہ سے ہم کوئی راکٹ یا آتش گیر غبارہ قبول نہیں کریں‌ گے، فلسطینی تنظیموں کی طرف سے کی جانے والی کارروائیوں کا موثر اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اس سے قبل اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ‘غزہ کی پٹی سے چھوڑا جانے والا کوئی آتش گیر غبارہ ہمارے لیے میزائل سے کم نہیں’۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ضرورت پڑی تو غزہ کی پٹی میں حماس کی قیادت پر کاری ضرب لگائی جائے گی،یہودی کالونیوں پر آتش گیر مواد پھینکنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔