سعودی عرب نے تیل بند کیا ہے نہ ہی پیسے واپس مانگے ، شاہ محمود قریشی

290

 

اسلام آباد (آن لائن) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ سعودی عرب نے تیل بند کیا ہے نہ ہی پیسے مانگے ہیں‘ اسرائیل سے متعلق بھی پاکستان اور سعودی عرب کا مؤقف ایک ہے‘ چین نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی دعوؤں کو مسترد کردیا ہے‘چینی صدر کے دورہ پاکستان پر بات چیت ہوئی ہے‘ یہ انتہائی غیر معمولی نوعیت کا دورہ ہوگا‘بھارت نے ہمیشہ جھوٹ کا سہارا لیا لیکن دنیا حقیقت کو جانتی ہے اسلیے بھارت کو ناکامی
کا مسلسل سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پیر کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وزارت خارجہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں کی حق خودارادیت نے نئی کروٹ لی ہے‘ مقبوضہ کشمیر کی6 سیاسی جماعتوں نے بھارت کے5 اگست کے اقدام کی نفی کردی ہے‘ مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت کا یہ نہایت اہم بیان ہے‘ اعلامیے پر فاروق عبداللہ، غلام احمد میر اور دیگر سیاسی رہنماؤں کے دستخط ہیں اس لیے بھارت کا اخلاقی اور قانونی لحاظ سے بہت کمزور مئوقف ہے‘ یہ کشمیریوں کی آواز ہے جو ہمارے کانوں میں سنائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران مقبوضہ کشمیر کا خصوصی ذکر ہوا ہے‘ چین نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی دعوؤں کو مسترد کردیا ہے‘ چین اپنے مؤقف پر قائم ہے‘چین اور بھارت میں کشیدگی ابھی ختم نہیں ہوئی‘ پاکستان اور چین کا مئوقف واضح ہے کہ سی پیک ہمارا سوچا سمجھا پروجیکٹ ہے‘ بھارت جو کہتا ہے کہتا رہے ہم سی پیک سے متعلق آگے بڑھتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بگاڑ پیدا کرنے والا ایک گروپ موجود ہے۔